قتل کے الزام میں گرفتار ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

February 23, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت برائے حیدرآباد نے سیشن کورٹ میں فائرنگ کرکے قیدی کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر بدھ کو وکلا کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ دیگر عدالتوں نے ڈکیتی، دھمکیاں دینے، ہنگامہ آرائی اور منشیات رکھنے کے دو الگ الگ کیسز میں نامزد تین ملزمان کو عدم ثبوت پر بری کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت برائے حیدرآباد نے کینٹ تھانے میں درج سیشن کورٹ حیدرآباد میں قتل کیس کے قیدی کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان لال بخش زرداری اور غلام فرید جمالی کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر بدھ کو ملزمان کے وکلا اور سرکاری وکیل کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرکے سماعت 2 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی ہے۔ علاوہ ازیں فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حیدرآباد نے مارکیٹ تھانے میں درج ڈکیتی، دھمکیاں دینے، ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ کے 2014 ءے مقدمہ میں نامزد ملزم محمد حنیف کو اور ٹنڈوجام تھانے کی حدود سے 930 گرام چرس رکھنے کے الزام میں گرفتار دو ملزمان ندیم اور رستم کو عدم ثبوت پر بری کردیا ۔