مشتبہ سکھ علیحدگی پسندوں کی بھارتی فہرست کینیڈین وزیر اعظم کے حوالے

February 23, 2018

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت نے نو مشتبہ سکھ علیحدگی پسندوں کے ناموں کی ایک فہرست کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے حوالے کر دی ہے۔ ان دنوں کینیڈین وزیر اعظم اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بھارت کے دورے پر ہیں اور یہ لسٹ بھارتی ریاست پنجاب کے ایک دورے کے دوران ان کے حوالے کی گئی۔ بھارت کا کہنا ہے کہ اس لسٹ میں شامل نام ان 9 افراد کے ہیں، جن پر نئی دہلی کو شبہ ہے کہ وہ بھارتی پنجاب میں علیحدگی پسندی کی تحریک کو دوبارہ ہوا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ مشتبہ افراد سکھوں کی ایک آزاد ریاست خالصتان کے قیام کے حامی قرار دیے جاتے ہیں۔ جسٹن ٹروڈو نے ایک روز قبل امرتسر میں سکھوں کے مقدس ترین مقام گولڈن ٹیمپل کا دورہ بھی کیا تھا۔