ہندو برادری آج ’ہولی‘ منارہی ہے

March 01, 2018

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری آج ہولی کا تہوار بڑے جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔

ہولی کو 'رنگوں کا تہوار بھی کہا جاتا ہے۔ اس تہوار کے موقع پر ہندو برادری کے افراد ایک جگہ جمع ہوتےاور ایک دوسرے کے چہروں پر غلال لگاتے اور رنگ پھینکتے ہیں۔

ایک دوسرے کو تحفے تحائف بھی پیش کئے جاتے ہیں جبکہ گھروں پر تقاریب کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

ہندو کیلنڈر کے مطابق چاند کے مکمل ہونے پر اس تہوار کا آغاز کیا جاتا ہے۔

ہولی دو دنوں پر مشتمل ہوتی ہے۔ پہلے دن کو’ ہولیکا ‘کہا جاتا ہے جبکہ دوسرا د ن رنگولی کہلاتا ہے ۔

یہ تہوار ہر سال فروری اور مارچ کے درمیان کی تاریخوں میں منایا جاتا ہے۔

تہوار کا آغاز ایک رات قبل آگ جلا کر کیا جاتا ہے، اس عمل کا نام ہولیکا ہے۔

ہندو برادری کا ماننا ہے کہ وہ اس آگ میں اپنی تمام برائیوں کو جلا کر ختم کرتے ہیں۔

اگلے روز موسم بہار کی آمد اور نئی فصل کی آنے کی خوشی میں رنگولی بنائی جاتی ہے اور رنگوں سے کھیلا جاتا ہے۔دیوالی کے بعد یہ دوسرا سب سے بڑا تہوار ہے۔