پہلے اسکرین پر۔۔۔پھر اصل زندگی میں ہمسفر!

March 04, 2018

فاروق احمد انصاری

’رب نے بنادی جوڑی‘ ، میری فیورٹ فلموں میں سے ایک ہے ، جس کی ہیروئن انوشکا اب مسز کوہلی بن چکی ہیںیعنی اب دونوںہی اسکرین پر نظر آتے رہیں گے، اسی طرح ثانیہ مرزااور شعیب ملک کا قبضہ بھی کچھ عرصے تک اسکرین پر رہے گا۔ سیف اور کرینہ کپور، ابھیشیک اور ایشوریا ، ڈینیلیا اور ریتیش دیش مکھ جیسی جوڑیاں بھی لائم لائٹ میںہیں۔

پاکستانی انٹرٹینمنٹ کی بات کی جائے تو پاکستان فلم انڈسٹری نےسات دہائیوں کے دوران بےشمارعروج وزوال دیکھے۔ سترسال کےعرصہ میں ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے سیکڑوں اداکاروں میں چند ایسےبھی آئےجنہیں فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔

کچھ جوڑیاں تو ایسی بنیں کہ جنہوں نے پردہ اسکرین پر تو بے پناہ مقبولیت حاصل کی ہی،عام زندگی میں بھی یہ ایک دوسرے کے حقیقی ساتھی بنے، جیسےسنتوش کمار اور صبیحہ خانم، درپن اور نیر سلطانہ،حبیب اورنغمہ بیگم، محمدعلی اور زیبافلم انڈسٹری سے اور ٹی وی ڈراموں سے راحت کاظمی اور سائرہ کاظمی، عثمان پیرزادہ اور ثمینہ پیرزادہ قابل ذکر ہیں۔

اس کےعلاوہ بھی بے شمارمثالی جوڑیاں فلم انڈسٹری کی تاریخ کا حصہ ہیں۔ ان میں سے کچھ حقیقی زندگی میں بھی ساتھ رہیں جبکہ کچھ میں علیحدگی ہو گئی۔ ان میں اداکارکفایت حسین عرف کیفی اوراداکارہ چکوری کی جوڑی،فلم دھی رانی کے ہدایتکارالطاف حسین اورعالیہ بیگم،فلم وحشی جٹ کے ہدایتکار اسلم ڈار اوردردانہ حمان،اور موسیقار روبن گھوش اور اداکارہ شبنم کی جوڑیاں شامل ہیں۔ اس کے بعد بھی 90کی دہائی میںکچھ جوڑیاں بنیں جو آج تک ایک دوسرے کےساتھ عہدو پیماں نبھارہی ہیں۔

جیسے جان ریمبو اور صاحبہ،ا داکارارباز خان اورخوشبووغیرہ لیکن ہم ذکر کریں گے آج کی نسل کی مشہور جوڑیوںکی جو پہلے اسکرین پر اور پھر اصل زندگی میں ایک دوسرے کے ہمسفر بن گئے۔

دانش تیمور اور آئزہ خان

اگر مشہور ویڈینگ آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا جائے تو بلا شبہ اس ایوارڈ کے حقدار دانش تیمور اور آئزہ خان ہوں گے دونوں ستاروں نے ٹی وی ڈراموں سے اپنے کیریئرکا آغاز کیا اور ڈرامائی کردار کو حقیقی کردار میں بدل دیا۔یہ دونوں حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کے کزن ہیں 2013 میں ہونے والی منگنی 2015 میں بہت ساری ہنگامہ خیز خبروں کے بعد آخر کارخر شادی تک پہنچی۔اللہ نے اس خوبصورت جوڑے کو ایک بیٹی سے بھی نواز دیا ہے دانش تیمور نے اب ٹی وی کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم رانگ نمبر نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔ لوگ آنے والے سالوں میں بھی دانش اور عائزہ کو اسی طرح ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں۔

شہروزسبزواری اور سائرہ

بہروز سبزواری اور سفینہ شیخ کا جوڑی اایک عرصے تک پاکستانی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی، آج ان کی جگہ ان کے بیٹے شہروز اور بہو سائرہ نے لے لی ہے۔ یہ خوبصورت اور معصوم جوڑا مختلف کرداروں اور ڈراموں کے ذریعے ناظرین کی توجہ کا مرکز رہا اور شائقین آئندہ بھی اسی طرح ان کو مزید کرداروں میں جلوہ افروز دیکھنا چاہتے ہیں

ڈرامہ سیریل ’تنہائیاں نئے سلسلے‘ کا پُر کشش جوڑا مشہور اداکار بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف رواں سال رشتہ ازواج میں منسلک ہوئے ،حال ہی میں قدرت نے انہیں بیٹی سے نوازا ہے ۔

علی سفینا اور حراترین

ایک جانب اگر حرا ترین ایک خوبصورت ماڈل اور اداکارہ ہیں تو دوسری جانب علی بھی کم نہیں ہیں۔ بہترین فیشن ڈیزائنر کے ساتھ ساتھ انہوں نے کئی ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا ئے ہیں۔ اس جوڑے کیلئےشائقین کے دلوں میں بہت نیک خواہشات ہیں۔

فہد مرزا اور ثروت گیلانی

س سال اگست میں ٹیلی ویژن انڈسٹری کی دلکش اداکارہ ثروت گیلانی نے ساتھی اداکار فہد مرزا سے شادی کا اعلان کیا۔اس جوڑے کی آپس میں تقریباََ ایک دہائی سے دوستی تھی ۔اور آخر کار اس جوڑے نے شادی کا فیصلہ کرہی لیا ۔ان کا اب ایک بیٹا بھی ہے ۔ چھوٹی اسکرین کے یہ بڑے اداکار بہت مستقل مزاجی اور محبت سے اپنا یہ سفر جاری رکھے ہو ئے ہیں۔

محب مرزا اور آمنہ شیخ

پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری نے دو قابل اداکار محب مرزا اور آمنہ شیخ متعارف کروائے۔ آمنہ شیخ نے نہ صرف ڈراموں میں بلکہ فلم انڈسٹری میں بھی اپنے اداکاری کے جوہر دکھائے، 2005 میں دونوں ستارے رشتہ ازواج میں منسلک ہوئے ۔ان کی ایک بیٹی ہے۔ اس سال بھی یہ دونوں میاں بیوی اتنے ہی تروتازہ اور اسمارٹ نظر آتے ہیں اور وقتا فوقتا مختلف کرداروں میں نظر آتے رہتے ہیں۔

فرحان سعید اور عروہ حسین

صرف ایک سال پہلے فرحان سعید اور عروہ حسین کی شادی وہ موضوع تھا جس نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا رکھی تھی ۔پھر دونوں نے اپنے ہٹ ڈرامے ”اڈاری“ کے بعد شادی کی خبر سنا ئی اورحسین بندھن میں بندھ گئے ۔ دونوںاپنی شادی کی پہلی سالگرہ منا چکے ہیں۔ جس کا فوٹوشوٹ آج بھی موضوعِ بحث ہے۔