شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، ملتان 114رنز پر ڈھیر

March 09, 2018

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے20ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لئے 115 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔

ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی شعیب ملک الیون مقررہ 19 اعشاریہ 4 اوور میں تمام وکٹ پر 114 رنز بنائے، لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی 5 اور سنیل نارائن2 وکٹوں نے ایونٹ کی سرفہرست ٹیم ملتان سلطانز کو بڑا ہدف سیٹ کرنے سے روک دیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف ملتان سلطانز کی طرف سے احمد شہزاد اور کمارا سنگاکارا نے اننگز اوپن کی اور ٹیم کو 61 رنز کی عمدہ شراکت دی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے کئی دلکش اسٹروکس کھیلے۔

خاص طور پر سنگاکارا نے 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 45 ر نز کی شاندار اننگز کھیلی، انہیں سنیل نارائن نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔

پہلی وکٹ 61 پر گر جانے کے بعد اوپنر احمد شہزاد نے صہیب مقصود کے ساتھ ملکر اسکور 92 تک پہنچادیا،31 رنز کی شراکت میکلنگن نے توڑی۔

احمد شہزاد 3 چوکوں اور 1چھکے کی مدد سے 32 رنز بناکر میدان سے لوٹےتو ٹیم کا اسکور 92 رنز پر 2 آئوٹ تھا،ملتان کی تیسری وکٹ 5 رنز کے اضافے پر گر گئی،صہیب مقصود 16رنز کو سنیل نارائن نے شاندار بولڈ کیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے 16 ویں اوور میں دھوم مچادی،تیسری گیند پر پہلے کپتان شعیب ملک اور چوتھی بال پر وائٹلی کو پویلین کی راہ دکھائی سیف بدر بولر کی ہیٹرک روکنے میں کامیاب تو رہے لیکن گیند پر وہ بھی میدان چھوڑ گئے، یوں 99 کے اسکور پر ملتان کے 6 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے تھے۔

لاہور قلندرز کو 7 وکٹ 108 کے اسکور پر مل گئی، سہیل تنویر 2 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے،8 ویں آئوٹ ہونے والے بیٹسمین کیرون پولارڈ تھے، جو 111 کے مجموعی اسکور پر 9 رنز بناکر سہیل خان کا شکار بن گئے۔

20 اوور میں گیند ایک بار پھر شاہین آفریدی کے ہاتھ آئی، اوور کی تیسری اور چوتھی بال پر جنید خان (1رنز ) اور محمد عرفان کو وکٹیں لے کر میچ میں 5 وکٹ لینے والے کھلاڑی بن گئے۔

پی ایس ایل تھری میں دوسری بار میچ میں 5 یا اس سے زائد وکٹحاصل کی گئیں، اس سے پہلے ملتان سلطانز کےعمر گل نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کے خلاف 4 اوور میں 24 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں تھی جبکہ شاہین آفریدی نے 3 اعشاریہ 4 اوور میں 4 رنز دے کر 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

لاہور قلندرز ایونٹ میں اب تک کھیلے گئے اپنے تمام 6 میچز میں ناکام رہی ہے اور ساتویں میچ میں کپتان برینڈن میکولم جیت کیلئے پرامید ہیں،جسے ملتان سلطانز کے خلاف بولنگ لائن نے اور بھی بڑھادیا ہے۔

ملتان سلطانز اب تک ایونٹ میں کامیاب ترین ٹیم ثابت ہوئی ہے جس نے اپنے 7 میچز میں سے 4 میں کامیابی حاصل کی اور 2 میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا۔