جام شورو:اغواء برائے تاوان میں ملوث گروہ کے3کارندے گرفتار

March 10, 2018

جام شورو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے علاقے میں اغوا برائے تاوان، گاڑیاں چھیننے ،فائرنگ اور قتل کے مقدمات میں مطلوب باپ بیٹے سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔

ملزمان کے قبضے سے میرپور خاص، حیدرآباد اور جامشورو سے چھینی گئی 24 موٹرسائیکلیں، ٹرک اور تاوان میں لی گئی ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایس پی جام شورو عرفان بہادر نے روزنامہ جنگ کے نمائندے سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ گرفتار ملزم مشتاق لاکھو نے دو افراد کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

اغوا برائے تاوان کی یہ وارداتیں سال 2016 اور2017 میں قاضی احمد اور نواب شاہ میں کی گئیں ۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ڈکیتیوں کی وارداتوں کے حوالے سے بدنام مجید لاکھو اور اس کا بیٹا شوکت لاکھو بھی گرفتار ہوا۔

عرفان بہادر کے مطابق ملزمان جامشورو حیدرآباد اور میرپور خاص میں قتل اور اغواء کی وارداتوں میں ملوث رہے۔ ملزمان نے ماضی قریب میں جامشورو، میرپور خاص اور حیدرآباد سے سینکڑوں گاڑیاں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کے خلاف کیسے قبل بھی مقدمات درج ہیں۔ گروہ کے دیگر ملزمان کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔