راولپنڈی میں ایک اور آن لائن ٹیکسی ڈرائیور قتل

March 13, 2018

پنڈی اسلام آباد کے جڑواں شہروں میں آن لائن ٹیکسی سروس کریم کے ڈرائیوروں کے قتل کا ایک مہینے میں دوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔

آئن لائن ٹیکسی سروس کریم کے ڈرائیور سجاول امیر کو کل رات لکھو کے علاقے میں قتل کردیاگیا۔

سجاول امیرنے رات 10بجے رائیڈ بک کی تھی، دو ڈاکوؤں نے گاڑی چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر نوجوان سجاول کو گولیاں مار کر کر قتل کر دیا۔

تھانہ نصیر آباد میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیاہے، اس سے پہلے 22فروری کو بھی اسلام آباد میں آن لائن ٹیکسی کے ڈرائیور جنید مصطفیٰ کو قتل کردیا گیا تھا۔

مقتول سجاول امیر بکھر کا رہائشی تھا جس کی تدفین اس کے آبائی علاقےمیں کی جائے گی، مقتول کو 5گولیاں ماری گئیں۔

پولیس نے کریم کمپنی سے آخری رائیڈ کی معلومات حاصل کرنے لیے اپنی ٹیم بھجوا دی ہے۔

ڈاکو ڈرائیور سے نقدی اور موبائل فون چھین کر لے گئے جبکہ چوہڑ کے علاقے میں گاڑی کھڑی کر گئے۔

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔