خطے میں امن کا دارومدار مغربی ایشیائی ممالک کے تعاون پر ہے، آرمی چیف

March 14, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاک ایران تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کوایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک ایران تعلقات میں بہتری سمیت خطے کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں امن کا دارومدار مغربی ایشیائی ممالک کے تعاون پر ہے اور جرائم کی روک تھام کے لیے ہمیں ایک دوسرے کے تعاون کی ضرورت ہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سرحدی سیکیورٹی میں بہتری کو دونوں ممالک کے حق میں قرار دے دیا۔انہوں نے حالیہ مہینوں میں سکیورٹی امور پر دو طرفہ بات چیت اور پاک فوج کی جانب سے ایران بارڈر پر سیکیوٹی کے بہترین انتظامات کو سراہا،دریں اثناء آرمی چیف سے کرغزستان کے چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل رحیم بردی نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات ، دلچسپی کے امور ،علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی،جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، میجر جنرل رحیم بردی نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔