ملتان سلطانز پلے آف تک پہنچنے کی حقدار ہے، عمران طاہر

March 15, 2018

ملتان سلطانز کے لیگ اسپنر عمران طاہر کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی تھی ، پی ایس ایل کھیل کر لطف اندوز ہورہا ہوں، آخری میچز میں شکست کھیل کا حصہ ہے ۔

جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں میزبان سید یحییٰ حسینی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران طاہر نے کہاکہ ہم نے لیگ کے آغاز میں اچھی کرکٹ کھیلی لیکن اختتام اچھا نہ کرسکے، ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ آخری چار شکست سے کھلاڑیوں کا مورال ڈاؤن ہے، امید ہے ملتان پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلے گی ، ہماری ٹیم پلے آف میں پہنچنے کی حقدار ہے ۔

انہوں نے کہا وسیم اکرم کے ساتھ کھیلنا میرا خواب تھا، پی ایس ایل کا معیار بہت اچھا ہے ، باہر سے آکر یہاں پرفارم کرنا آسان نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے اچھا تجربہ حاصل ہوا، ہر جگہ مکمل توجہ کیساتھ کرکٹ کھیلتا ہوں، لیگ کا سرفہرست بولر بننا چاہتا تھا، جس میں اللہ نے سرخرو کیا۔

عمران طاہرنے مزید کہا کہ وکٹ لیکر خوشی کا اظہار شروع سے ہی ایسا ہے ، کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بہت محنت کی ہے ، کرکٹ میرا جنون ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیزن تھری میں ملتان نے اچھی کرکٹ کھیلنے کی پوری کوشش کی ، ہماری کارکردگی کی وجہ سے لوگوں کی امیدیں مزیدبڑھ گئی ہیں ، ملتان کے لوگوں کو بھرپور سپورٹ کا کہوں گا۔