تھری پی پاکستان 2018 عالمی پلاسٹک، پرنٹنگ اینڈ پیکجنگ نمائش کا آغاز

March 17, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) تین روزہ تھری، پی پاکستان 2018 عالمی پلاسٹک، پرنٹنگ اینڈ پیکجنگ نمائش جمعہ سے ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہو گئی ہے۔ نمائش کا انعقاد فیکٹ ایگزیبیشنز کی جانب سے کیا گیا ہے جو اتوار تک جاری رہے گی۔ نمائش کا افتتاح سوئٹزرلینڈ کے کراچی میں قونصل جنرل فلپی کریوائزیر نے کیا۔ اس موقع پر مقامی و غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔نمائش میں مقامی انڈسٹری کے علاوہ چین، جرمنی، اٹلی،سری لنکا اور سوئٹزرلینڈ کی 300 سے زائد کمپنیاں بھی شریک ہیں۔نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوئس قونصل جنرل فلپی کریوائزیر نے کہا کہ پاکستان کے حالات بتدریج بہتر ہورہے ہیں۔ پاکستان ایک بڑی ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے،مجھے خوشی ہے کہ سوئس مصنوعات بھی یہاں موجود ہیں۔ سوئس قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کے لیے ایک بڑا موقع ہے۔ تاہم چین کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کے لیے چیلنجز کے ساتھ ساتھ سودمند بھی ثابت ہوں گے۔ اس موقع پر سی ای او فیکٹ ایگزیبیشنز محمد سلیم خان تنولی نے میڈیا کو بتایا نمائش میں15ہزار سے زائد افراد کی آمد متوقع ہے۔