ہمارے یہاں مصوری میں اچھا تخلیقی کام کیا جارہا ہے ،مصور شاہد محمود

March 17, 2018

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) مصور شاہد محمود نے کہا ہے کہ ہمارے یہاں مصوری میں اچھا تخلیقی کام کیا جارہا ہے ۔یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ نو آموز آرٹسٹ خود کو منوانے کے لیے ہر میڈیم میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے وہ تحقیق اور جستجو کے ساتھ کام کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ ان کے کام میں جذبہ اور تکنیکی مہارت نمایاں اور تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار بھی نمایاں ہے۔ یہ بات انہوں نے مقامی آرٹ گیلری میں خصوصی گفتگو میں کہی۔ مصور شاہد محمود نے کراچی اسکول آف آرٹ سے فائن آرٹ میں گریجویشن کیاہے۔ ان کے فن پارون کے متعدد سولو اور گروپ شوز ہوچکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہمارے نوجوان جس محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں ۔ اس نے یہ تاثر زائل کردیا کہ نئے آرٹسٹ توجہ اور محنت سے گریز کرتے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں شاہد محمود نے کہا کہ ہمارے دیگر شعبوں کی طرح آرٹ میں بھی اپنے طور کام کیا جارہا ہے ۔ انہیں کسی قسم کی سرکاری سر پرستی اور تعاون حاصل نہیں۔ حالانکہ اس کی شدید ضرورت ہے ۔ ضرورت تو اس بات کی ہے کہ سرکاری طور پر ثقافتی اداروں کو اس بات کا پابند کیا جائے ۔ کہ وہ اپنے طور پر ٹیلنٹ ہنٹ کا سلسلہ شروع کریں۔ اور باصلاحیت آرٹسٹوں کو سامنے لائیں۔