خدا کیلئے فوج،عدلیہ اور سیاستدان ملکر کام کریں،شہباز شریف

March 18, 2018

لاہور (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیاستدان، عدلیہ، فوج اور پارلیمان کو کہتا ہوں کہ خدارا ملکر بیٹھیں اور کام کریں، سیاسی مخالفین سے اپیل کرتا ہوں ہوش کےناخن لو، الزام تراشی اور جھوٹ کے قصے بتاکر کسے بے وقوف بناتے ہو، قوم کو جھوٹ بولنے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان ملتان میٹرو میں مجھ پر کرپشن سے متعلق عمران خان کے الزامات پر فل کورٹ بنائیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے، میری کرپشن نکلی تو سیاست چھوڑ دونگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اربوں درخت نہیں لگائے اربوں جھوٹ بولے، عمران خان کان پکڑیں اور کسی درگاہ پر بیٹھ جائیں، سیاست اِن کے بس کی بات نہیں، زرداری اور نیازی نے گٹھ جوڑ کرلیا، نیازی کہتے ہیں زرداری جو کرنا ہے کرتے رہو تمہارا نام نہیں لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس خان صاحب کے الزامات کا جواب دینے کے لئے وقت نہیں ہے، میں عوام کی خدمت کرنا چاہتاہوں جبکہ نیازی صاحب مجھے الزامات کی سیاست میں الجھاناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چند دنوں میں چیف جسٹس آف پاکستان کو مجھ پر لگائے گئے الزامات کے بارے میں خط بھجوائوں گا تاکہ دودھ کا دودھ او رپانی کا پانی ہوجائے، خان صاحب پھر بھاگ جائیں گے کیونکہ وہ بھگوڑے ہیں اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے، اگلے انتخابات میں تمام مخالفین کا صفایا ہوجائیگا، ہم نے صرف میٹرو کا ہی نہیں، اسکول اور اسپتالوں کا بھی جال بچھایا ہے۔ گزشتہ روز ڈیرہ غازیخان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے ضلع ڈیرہ غازی خان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں کا افتتاح کیاجبکہ ڈیرہ غازی خان کی ترقی و خوشحالی کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیادبھی رکھا۔ خطاب میں وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ چوٹی زیریں میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن )کے تمام سیاسی مخالفین کا صفایا ہوجائے گااو رپنجاب سمیت پاکستان بھر میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ہوگی-انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام نے فیصلہ کرناہے کہ کس نے ان کی خدمت کی ہے اور کس نے قوم کا وقت بربادکیاہے، کس نے دن رات ایک کر کے قومی دولت کو امانت جان کر عوام کی ترقی کے منصوبے مکمل کئے او رکس نے ملکی دولت کو لوٹا، اس کا فیصلہ پاکستان کے عوام کو آئندہ انتخابات میں کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین نے اپنے صوبوں کی ترقی کے لئے ایک دھیلے کا کام نہ کیا بلکہ جھوٹے ا لزامات لگا کر ملک میں جھوٹ کے کلچر کو فروغ دیا-3ماہ بعد ہونے وا لے عام انتخابات میں عوام انہیں جواب دینگے، عمران نیازی جو دن رات جھوٹ بولتے ہیں انہوں نے ایک بار پھر مجھ پر ملتان میٹرو منصوبے میں رشوت اور کمیشن لینے کا الزام لگایاہے۔ نیازی صاحب آپ جھوٹے ہیں اور مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، کے پی کے میں ایک ارب درخت لگانے کا آپ کا جھوٹ ثابت ہوگیا ہے-آپ ایک ارب جھوٹ بولتے ہیں اور بار بار جھوٹ بولتے ہیں۔