سینیٹ الیکشن میں گھوڑے نہیں اصطبل بکے،اسفندیارولی

March 18, 2018

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی کاکہنا ہے کہ کے پی حکومت کے اپنے ہی ارکان وزیراعلیٰ کوکرپٹ کہتے ہیں،سینیٹ الیکشن میں اصطبل کے اصطبل بکے۔

اسفندیار ولی نےیہ بات نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کے دوران کہی ، انہوںنے اس دوران عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کپتان کےسیاست میں آنے سے شرافت ختم ہوگئی اور سیاست اور شرافت تو کپتان کے قریب سےبھی نہیں گزری۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخارحسین نےبھی جلسےسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن پراظہاراطمینان کرنے والےوزیراعلیٰ کہہ رہےہیںکہ ہمارے16ایم پی اے بک گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک انتقامی کارروائیاں بند کریں، سب کے ارکان اسمبلی بک چکے ہیں اور پھر بھی واویلا کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری،عمران ،نوازشریف کہتےہیں سینیٹ الیکشن کی تحقیقات ہونی چاہیےجبکہ اے این پی واحد جماعت ہے کہ جس کے ارکان سینیٹ کے الیکشن میں نہیں بکے۔

پیر پیائی میں سجنے والے عوامی نیشنل پارٹی کے سیاسی میدان کے لیے 80 فٹ لمبا اور 16 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ،دوردراز علاقوں سے کارکنان پنڈال پہنچے اس موقع پر پولیس کے اضافی دستے سکیورٹی کےلئے تعینات تھے۔