مہمند ایجنسی میں جاں بحق پولیو ورکرز سپرد خاک،مغوی اہلکار بازیاب

March 19, 2018

مہمند ایجنسی (نمائندہ جنگ) مہمند ایجنسی میں گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیو ورکرز کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران شہید سپاہی کی نماز جنازہ ہیڈ کوارٹر غلنئی میں ادا کی گئی۔ پولیو ورکرز کو بحفاظت اپنے گھروں کو پہنچا دیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران اجتماعی ذمہ داری کے تحت 39 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔اغوا ہوئے اہلکار بازیاب کرالئے گئے،شہید سپاہی کی نماز جنازہ غلنئی اور صلاح الدین کی باجوڑ ایجنسی میں نماز جنازہ ادا کی گئی،پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقہ امان غنڈی میں پولیومانیٹرنگ ٹیم مہم جاری رکھنے کی غرض سے ڈیوٹی میں مصروف تھی کہ نامعلوم افراد نے پولیو ورکرز واجد ولد ارسلا خان سکنہ یوسف خیل تحصیل حلیمزئی اور صلاح الدین سکنہ باجوڑ ایجنسی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔ جبکہ شیر محمد، آفتاب احمد، واصف ، محمد صادق اور ڈرائیور لاپتہ ہو گئے۔