سپر لیگ، انگرم اور جو ڈینلی کی ففٹیز، کراچی کنگز کے154رنز

March 19, 2018

دبئی (نمائندہ خصوصی) کولن انگرم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان سپر لیگ کے پہلےپلے آف میں کراچی کنگز نے اسلام آباد کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ بیس اوورز میں چار وکٹ پر 154 رنز بنائے۔ آخری پانچ اوورز میں58 رنز بنے۔ کولن انگرم نے39گیندوں پر68 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں چھ چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ شاہد آفریدی چار رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ فاسٹ بولر محمد سمیع نے20 رنز دے کر دووکٹ حاصل کئے۔ فہیم اشرف نےچار اوورز میں53 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں جو ڈینلے 46 گیندوں پر51 رنز بناکر ہٹ وکٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور پانچ چوکے شامل تھے۔ ڈینلے نے کولن انگرم کے ساتھ مل کر 82 رنز کی شراکت قائم کی۔ انگرم نے نصف سنچری 31 گیندوں پر بنائی۔18 رنز پر ان کا کیچ حسین طلعت نے ڈراپ کیا تھا۔ کراچی کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین خرم منظور تھے جو چھ رنز بناکر محمد سمیع کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسی اوور میں محمد سمیع نے بابر اعظم کو بھی چلتا کیا ۔ وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔اوئن مورگن 16 گیندوں پر21 رنز بناکر عماد بٹ کا شکار بنے۔ پندرہ اوورز میں اسکور تین وکٹ پر96 رنز تھا۔ اس سے قبل کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ ان فٹ مصباح الحق کی جگہ صاحبزادہ فرحان جبکہ اسٹیون فن کی جگہ سمیت پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب کراچی کنگز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔