سپرلیگ فائنل، لیوک رونکی کراچی میں بھی رونق لگانے کےخواہاں

March 20, 2018

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ تھری کے لئےاس بار بھی انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بڑے نام پاکستان نہیں آئےنہیں آئے۔ لیکن ٹورنامنٹ میں اپنی بیٹنگ کی وجہ سے مقبول نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی پاکستان آکر اپنے پرستاروں کے سامنے دبئی شارجہ جیسی کارکردگی دکھاکر رونق لگانا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل اسلام آباد یونائیٹڈ جیتے ۔ لیوک کہتے ہیں کہ2007 میں آسٹریلیا کی اے ٹیم کے ساتھ فیصل آباد، لاہور اور شیخوپورہ میں میچ کھیلے تھے۔ پاکستان صاف ستھرا اور اچھا ملک ہے۔ مجھے پتہ چلا ہے کہ فائنل کے ٹکٹ تین گھنٹے میں فروخت ہوگئے، پر جوش تماشائیوں کے سامنے کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ کراچی میں ہمیں سپورٹ ملے گی۔ ہمیں یہی بتایا گیا ہے کراچی محفوظ ہے وہاں جانا میری چوائس ہے اور کراچی میں کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ لیوک نے اپنے کیریئر کا آغاز آسٹریلیا سے کیا تھا اب نیوزی لینڈ کے شہری ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے رونکی نے ٹورنامنٹ میں اب تک 10 میچ کھیلے ہیں اور 4 نصف سنچریوں کی مدد سے سب سے زیادہ 383 رنز بنا چکے ہیں۔ کراچی کنگز کے خلاف کوالیفائر میں کھیلی گئی 94 رنز کی اننگز توشاہکار تھی۔ اگر ہدف زیادہ ہوتا تو شاید وہ سنچری بھی بنا ڈالتے۔ اب تک کھیلے گئے مقابلوں میں ان کا بیٹنگ اوسط 42 سے زیادہاور اسٹرائیک ریٹ 180 کے قریب ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سنچری بنانے کا افسوس نہیں ہے کامیابی پر خوش ہوں۔ میری بیٹنگ ٹیم کے کام آئی اور ہم بڑے مارجن سے جیتےاور فائنل میں پہنچ گئے۔ رونکی نے کہا کہ کیچ ڈراپ ہونے سے مجھے فائدہ ہوا میرا دن تھا گیند بیٹ پر آرہی تھی۔ میں نے کر اچی کےمیچ سے قبل کوئی خاص کھانا نہیں کھایا تھا میچ شام کو تھا اس لئے دن بھر اپنے آپ کو ریلکس رکھ رہا تھا۔ اس طرح کی اننگز پلان نہیں کی تھی بس دن میرا تھا جو کیا وہ میرے کام آگیا۔