نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے سے روکنے کی درخواست پر پھرنوٹس جاری

March 20, 2018

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدلیہ اور اداروں کیخلاف سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے سے روکنے کی درخواست پر سیکرٹری اطلاعات ، پی بی سی ، پیمرا ، اے پی این ایس کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے دس روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ مقامی وکیل کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور دیگر اہم شخصیات کے بیانات سے اداروں کو نقصان پہنچ رہا ہے ، اعلی عدلیہ ان بیانات کا نوٹس لے ، اعلی عدلیہ اور اداروں کے خلاف بیان نشر ہونے سے چیک اینڈ بیلنس متاثر ہو رہا ہے لہٰذا پیمرا سمیت دیگر اداروں کو اعلی عدلیہ کے خلاف براہ راست نشریات سے روکا جائے۔عدالت کو بتایا گیا کہ فریقین کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔ اس پر عدالت نے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے دس روز میں جواب طلب کر لیا۔ درخواست کی مزید سماعت 17 اپریل کو ہو گی۔