سینیٹ ،اپوزیشن لیڈر کے معاملے پرپی پی اورپی ٹی آئی آمنے سامنے

March 20, 2018

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں متحدہ امیدوار لانے والی جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخابات کے معاملے پر فاصلے بڑھنے لگے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئی ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر پیپلز پارٹی کو واضح جواب دے دیا گیا اور کسی صورت اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر دستبردار نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اپوزیشن لیڈر کی امیدوار شیری رحمن سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔اس حوالے سے تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر کے امیدوار اعظم سواتی نے دعوی کیا کہ پیپلز پارٹی اپنا امیدوار واپس لے لے گی اور اگر ایسا نہ ہوا تو ہم اپنا گروپ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے خود تحریک انصاف سے راستہ جدا کیا ہے کیونکہ ہمیں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر اکثریت ارکان کی حمایت حاصل ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور جماعت اسلامی سے بھی رابطے تیز کردیئے گئے۔ اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے بہادر آباد گروپ نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر فیصل سبزواری نے کہا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حمایت کرنا نہیں چاہتے کیونکہ انہوں نے پچھلے 10 سال میں دیہی سندھ کو تباہ کردیا۔