اندرون سندھ گندم کے خریداری مراکز قائم نہ ہونے پر آبادگار پریشان

March 21, 2018

ٹنڈوالہ یار +نصرپور(نامہ نگاران)ٹنڈوالہ یار اور اس کے گردونواح میں گندم کی نئی فصل تیار ہونے کے باجود سندھ حکومت نے باردانے کی تقسیم اور قیمت مقرر نہ کر سکی۔ آباد گارباردانہ نہ ملنے پر گندم بیو پاریوں کو سستے داموں میں فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے۔ آبادگاروں نے صحافیوں کو بتایا کہ سندھ حکومت نے نہ ہی نئی آنے والی گندم کے ریٹ مقرر کئے گئے ہیں اور نہ ہی خریداری کے مراکز قائم کئے گئے ہیں اس لئے آبادگار اپنی نئی گندم بیوپاریوں کو سستے دام فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ دریں اثنا نصرپور سمیت اوڈیرولال بھاوخان پٹھان پالی جانی اور دیگر علاقوں میں گندم کی خریداری کے سرکاری مراکزقائم نہ ہونے کے باعث بیوپاری آبادگاروں سے کم ریٹ پر گندم خرید رہے ہیں جسکی وجہ سے آبادگاروں کو پریشانی کا سامنا ہے اور انہیں بڑا نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔ آبادگاروں کے مطابق حکومت کی جانب سے تاخیرکے باعث آبادگاروں کو نقصان سے دوچارہونا پڑ رہاہے جبکہ گندم کی کاشت پر آنے والا خرچ بڑی مشکل سے پورا ہوتا ہے۔