رواں سال کینیا کو3 لاکھ میٹرک ٹن سے زائدچاول برآمدہوا،عبدالرحیم جانو

March 21, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر)این این آئی)پاکستان میںتعینات کینیا کے ہائی کمشنرپروفیسر جولیس کیبٹ بائٹوک نے کراچی میں کینیا کے اعزازی سفیر محمد حنیف جانو ، عبد الرحمٰن عبد اللہ اور فلی مونا ومبلوا کے ہمراہ رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان (ریپ)کے کراچی آفس کا دورہ کیا،اس موقع پرچیئرمین عبد الرحیم جانو ، عبد الرئوف چیپل،عبد القیوم پراچہ،محمد حسین کھانڈوالا ، شیراز احمد شیخ ، فیصل انیس ، اوم پرکاش ، قمر رضا شوکت اور دیگر ممبران موجود تھے، اس موقع پرعبدالرحیم جانو نے کینیاکو پاکستانی چاول کی بر آمدات کے اعداد و شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کینیا پاکستانی چاول کا سب سے بڑا خریدار ہے پاکستان نے کینیا کو گزشتہ مالی سال جولائی 2016تا جون 2017کے دوران تقریباََ 4 لاکھ 65 ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیا جس کی مالیت تقریباََ 169ملین ڈالر بنتی ہے ،موجودہ مالی سال میں بھی کینیا کو چاول کی بر آمدات حوصلہ افزا ہیں اور جولائی تا فروری 2018کے دوران ہم 3 لاکھ 23 ہزار 586میٹرک ٹن چاول بر آمد کرچکے ہیں جسکی مالیت تقریباََ 118ملین ڈالر ہے ،انہوں نے ہائی کمشنر کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ آئندہ منعقد ہونے والی کانفرنس میں ایک سر مایہ کاری ڈیسک لگا یا جائے جو پاکستانی تاجر برادری کو کینیا میں سر مایہ کاری کے حوالے سے مفید معلومات اور رہنمائی فراہم کرسکے کیونکہ موجودہ تناظر میں جو کمپنی بیرو ن ممالک میں اپنا دفتر قائم کرتی ہے ان کو عالمی تجارت میں نمایاں مدد حاصل رہتی ہے،پرو فیسر جولیس کیبٹ بائیٹوک نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کینیا پاکستان کی وزارت تجارت کے تعاون سے 2 تا 3مئی 2018کو کراچی میں پہلی کینیا پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جس میں دونوں ممالک کے مختلف سیکٹرز مثلاََ زراعت (چاول اور چائے)، سیاحت ، آلات سر جری ، ٹیکسٹائل اور ادویات کی مصنوعات کے علاوہ دیگر شعبے حصہ لے رہے ہیں۔