سفر میں اتار چڑھائو رہا،آئندہ زیادہ مضبوط بن کر ابھرینگے،سرفراز

March 22, 2018

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ کوئٹہ کی ٹیم میں انہوں نے انور علی کو غیر ضروری زیادہ مواقع دیئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہانور علی ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں ان کے پاس اپنے آپ کو پی ایس ایل میں منوانے کا اچھا موقع تھا لیکن بدقسمتی سے وہ اچھی کارکردگی دکھانے کے باوجودمیچ نہ جتوا سکے۔اس سال ہمارا سفر اتار چڑھاؤ سے بھرپور رہا، اگلے برس ہم زیادہ مضبوط بن کر ابھریں گے۔ بدھ کو جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ انور علی نے ایک اوور میں تین چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔لیکن وہ قریب آکر جیت نہ دلواسکے۔ اگر جتوادیتے توبہت ساری ناکامیوں کا ازالہ کرسکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میر حمزہ نے غلطی کی لیکن وہ اس غلطی سے ضرور سیکھے گا۔ اس وقت اسے دوسرا رن مکمل کرلینا چاہیے تھا۔ سرفراز احمد نے پہلے ایلیمنیٹر میں شکست کا ذمہ دار ٹیم کی غلطیوں کو قرار دیتے ہوئے کہاکہ آخر میں عقلمندی کا مظاہرہ کرتے تو میچ سپر اوور میں جا سکتا تھا۔ سرفراز احمد نے کہاکہ میچ ہمارے ہاتھ میں تھا، میں سمجھتا ہوں کہ ہم خود اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہارے، مجھے اور نواز کو اس وقت آئوٹ نہیں ہونا چاہیے تھا، اگر ہم آخری گیند پر بھی عقلمندی کا مظاہرہ کرتے تو مقابلے کو سپر اوور میں لے جاسکتے تھے مگر اختتامی لمحات میں ہمارے کھلاڑی دباؤ کا شکار ہوگئے۔ پندرہ اوورز کے بعد ہم نے سست بیٹنگ سے میچ کھو دیا۔ سنگل لینے سے گریز مہنگا پڑ گیا ۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح کی پچ تھی اس پر پہلے یا بعد میں بیٹنگ کرنے کی کوئی اہمیت نہیں تھی۔