کنزرویٹو کے کونسلر امیدوار راجہ سہیل نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا

March 22, 2018

بری (نمائندہ جنگ) ایسٹ وارڈ سے کنزرویٹو پارٹی کے نامزد امیدوار راجہ سہیل نے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ اس حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میںٹوری کونسلر خالد حسین، راجہ شمیم، راجہ طارق محمود، راجہ ظفراقبال، شفقت محمود، راجہ خالد جمشید، امتیاز شمیم، راجہ فیاض سمیت بڑی تعداد میںمقامی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ لیبرپارٹی نے بری کی اکثریتی ایشیائی کمیونٹی کی وارڈ کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا ہوا ہے۔ وارڈ کے تینوں کونسلرز کئی سالوں سے جیت رہے ہیں الیکشن کے زمانے میں ووٹرز سے وعدے اور سبز باغ تو دکھائے جاتے ہیں لیکن کامیابی کے بعد وارڈ کے عوام سے رابطہ رکھنا بھی گوارہ نہیں کرتے۔ 3مئی کو عوام تبدیلی کیلئے ووٹ ٹوری کے امیدوار راجہ سہیل کو دیکر کامیاب بنائیں جو جیت کر کونسل میں تمام کمیونٹیز کی بھرپور آواز بنیںگے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ سہیل نے کہا کہ وہ سیاست کے میدان میں عوامی خدمت کا جذبہ لیکر آئے ہیں وارڈ کے عوام کی محرومی اور پسماندگی کو دیکھ کر عملی سیاست میںآنے کا ارادہ کیا۔ امید ہے کہ عوام ساتھ دیں گے، انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ ٹیکسی فرم چلا رہے ہیں اس لئے ٹیکسی ڈرائیوروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، کونسل میںٹیکسی ڈرائیوروں کی توانا آواز بنوں گا۔