نثار کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ پارٹی کرے گی، وزیراعظم نے نگراں حکومت پر مشاورت شروع کردی، احسن اقبال

March 22, 2018

اسلام آباد،لاہور(نمائندہ جنگ ) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہےکہ چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ پارٹی کریگی، نگران حکومت کیلئے وزیراعظم نے مشاورت شروع کردی ہے، جمہوریت کے مفاد میں بہترین ناموں پراتفاق کرلینگے، ایسے بہترین افراد کا انتخاب کرنا ہے جو شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی امور، پارٹی کے اندر حل کیے جاتے ہیں اور چوہدری نثار کے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ پارٹی کرے گی۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ ای سی ایل میں شامل 600 افراد کے نام کابینہ کو بھجوادیئے ہیں، یہ نام اگست 2016 کے بعد سے ای سی ایل میں ڈالے گئے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کیلئے وزیراعظم نے مشاورت شروع کردی ہے، جمہوریت کے مفاد میں بہترین ناموں پراتفاق کرلیں گے، ایسے بہترین افراد کا انتخاب کرنا ہے جو شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں، ایسے افراد نہ ہوں جن سے انتخابی عمل خرابی،عدم شفافیت یا التواء کا شکارہوں۔