قیام پاکستان کا مقصد سب کے ساتھ برابر کا انصاف کرنا تھا، محمد غالب

March 23, 2018

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا کہ 23مارچ 1940کو لاہور میں منظور کیگئی، قرارداد میں برصغیر میں آباد تمام مسلمانوں کے لیے الگ ملک کا مطالبہ تھا اورپاکستان کا معرض وجود میں آنا محض کوئی حادثہ نہیں ہے، مسلمانوں کا ایک الگ وطن بنانے کا مقصد درحقیقت اسلام کے مطابق زندگی بسر کرنا عدل اور انصاف کا نظام قائم کرنا اس ملک کی حدود میں رہنے والے تمام طبقات کے ساتھ برابر کا انصاف کرنا مقصود تھا مگر بدقسمتی سے جو لوگ ستر سال سے اس ملک پر مسلط ہیں انہوں نے قیام پاکستان کے مقاصد کو پس پشت ڈال کر اپنے مفادات کے لیے ملک کے وسائل کو استعمال کیا اور ملک دولخت ہوگیا۔ یوم پاکستان کے موقع پر انہوں نے کہا کہ جس کلمے کی بنیاد پر پاکستان قائم ہوا تھا وہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوا پاکستان پر جاگیرداروں اور وڈیروں نے قبضہ کر لیا سیاسی اور معاشی طور پر ملک کو یرغمال بنا لیا آج ستر سال کے بعد بھی ملک میں دور دور تک کہیں کوئی انصاف نظر نہیں آتا اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کہیں جمہوریت اور اسلام نہیں ہے دیانتدار اور باصلاحیت لوگوں کی کوئی کمی نہیں اس کے باوجود مساوات پر مبنی کوئی نظام نہیں سیاسی معاشی اور عدالتی انصاف کے دروازے بند ہیں۔ محمدغالب نے کہا کہ کشمیر کی آزادی بھی اسی فارمولے کا حصہ تھی بھارت نے 1947 میں کشمیر پر ننگی جارحیت کی اور دو تہائی حصے پر قبضہ کر لیا پاکستانمسئلے کا فریق ہونے کے باوجود ابھی تک ایسی کوئی پالیسی نہیں کہ بھارت کو مجبور کر سکے کہ وہ اپنے وعدوں اور عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کرے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دے کر سفارتی اور تجارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں اس کے باوجود بھارت کی پاکستان کے خلاف سازشیں اپنے عروج پر ہیں پاکستانی سفارت خانے کےعملے کیساتھ کیا سلوک کیا جا رہا وہ پوری دنیا کے سامنے ہے اور بھارت نے کبھی پاکستان کو تسلیم نہیں کیا۔