23 مارچ یادگار حیثیت کا حامل اور ہمارے لئے تجدید عہدکا دن ہے، رومان احمد وزیر

March 24, 2018

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سکاٹ لینڈ میں یوم قرارداد پاکستان پروقار طریقے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز مساجد میں پاکستان اور اس کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کی دعائوں سے ہوا۔ گیاہ بجے صبح پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس میں ہر شعبہ زندگی کے پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ قونصل جنرل آف پاکستان رومان احمد وزیرنے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات سنانے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ 23مارچ کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک یادگار حیثیت رکھتا ہے۔ یہ ہمارے لئے تجدید عہد کا دن ہے۔ 23مارچ 1940ء کو برصغیر کے مسلمانوں نے لاہور کے اقبال پارک میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں اپنے لئے ایک ایسے خطہ زمین کا مطالبہ کیا جہاں وہ اپنے دین، ثقافت اور روایات کے تحت آزادانہ طور پر زندگی بسر کر سکیں۔ متعصب پریس نے طنز کے طور پر اسے دیوانے کا خطاب قرار دیا۔ لیکن قائداعظم محمد علی جناح کی بے مثال قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی شکل میں اپنے خطاب کی تعبیر مل گئی۔ رومان احمد وزیر نے پاکستانیوں سے کہا کہ پاکستان سے ان کے رشتے لازوال ہیں۔ سکاٹ لینڈ اور برطانیہ ان کا دوسرا وطن ہے۔ وہ جہاں اپنے کردار سے مقامی کمیونٹی کے دل جیتیں اور ان کے سامنے ایک پاکستان اور مسلمان کا بہترین تصور پیش کریں۔ گلاسگو کی لارڈ پرووسٹ ایوابلینڈر نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے سکاٹ لینڈ کی معیشت و معاشرت کی ترقی می ںاہم رول ادا کیا ہے اور ہمیں ان کی کارکردگی پر فخر ہے، ہم سب ایک قوم ہیں، قطع نظر اس کے کہ کون کہاں سے آیا ہے، ہم نے مل جل کر اس ملک کو ترقی دینی ہے۔ راحت زاہد نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اور مقامی کمیونٹی کے درمیان آپس میں نہایت اچھے تعلقات ہیں ۔تقریب کا آغاز سمیع اللہ کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ یوم پاکستان کی اس تقریب میں سکاٹ لینڈ کی پولیس کے سربراہ اور سندھ کی سینیٹر سحر کامران، شیڈو ہیلتھ سیکرٹری انس سرور، بیلی کونسلر حنیف راجہ،کونسلر ثاقب احمد نے بھی شرکت کی۔