سپر لیگ فائنل کیلئے سیکورٹی ماہر رگ ڈگاسن کی کراچی آمد

March 24, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی سے منظور شدہ سیکیورٹی کمپنی کے سربراہ اور غیر ملکی سیکیورٹی ماہر رگ ڈگاسن بھی دبئی سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وہ کراچی میں فائنل کے سیکیورٹی انتظامات میں مقامی سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ رہیں گے۔ کراچی آنے کے بعد انہوں نے کئی ملاقاتیں کیں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ رگ ڈگاسن کی رپورٹ پر غیر ملکی کھلاڑی کراچی آئے ہیں۔نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سکیورٹی ماہر رگ ڈگاسن پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے بارے میں نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد مثبت رپورٹ دے چکے ہیں، ان کی کمپنی کے ماہر فائنل کے موقع پر دوبارہ کراچی میں موجود ہیں۔ وہ ویسٹ انڈین ٹیم کے دورے کے سلسلے میں سکیورٹی کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ دیں گے۔ فائنل کے بعد وہ کراچی میں مزید قیام کریں گے۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو کراچی میں کھیلنے کے لیے قائل کرنا آسان نہ تھا لیکن پی سی بی کی کوششیں کامیاب ثابت ہوئیں۔