عمران کیلئے دروازےکھلے ہیں، حکمران جماعت انتشار پھیلارہی ہے، شیری رحمٰن

March 24, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شیری رحمن نےکہا ہے کہ آج کی حکمران جماعت جو انتشار پھیلا رہی ان کو جواب دینا ہوگا، ہم بتائیں گے کہ آپ کو کیوں نکالا، پی ایس ایل فائنل دیکھنے کا ارادہ ہے، آئی اسلام آباد سے ہوں لیکن سپورٹ زلمی کو کروں گی، عمران خان کیلئے دروازے کھلے ہیں۔اسلام آباد سےکراچی پہنچنےپر ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشیری رحمن نے کہاکہ آج ایک اہم دن ہم منارہے ہیں، بلاول بھٹو،، فریال تالپور سمیت دیگر جماعتوں کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ پارٹی قیادت اور اپوزیشن تنظیموں نے اس لائق سمجھا، امید ہے کہ مستقبل میں سب کا ساتھ دینے کی کوشش کرونگی، آج کی حکمران جماعت جو انتشار پھیلا رہی ہے، زندہ رہنے کا حق چھینا جارہا ہے، ان کو جواب دینا ہوگا، ہم بتائیں گے کہ آپ کو کیوں نکالا۔شیریں رحمان نے کہا کہ ہمارا کام صحیح معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنا ہے ،اللّہ جانے حکمران کیا سوچتے ہیں لیکن الحمدللّہ عوام کو عقل آتی جارہی ہے ، ہم نفرتوںکےکاروبار اور سیاست پر یقین نہیں رکھتے لیکن اس کا مطلب ہر گز نہیں کہ ہم چبتے ہوئے سوال نہیں کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں شیری رحمن نے کہا کہ ہمارے ساتھ ووٹ تھے جس کی بنا پر یہ منصب ہمیں دوبارہ ملا اور عمران خان کو شکست ہوئی لیکن ہم اقتدار اور اپوزیشن میں اپنے دروازے کھلے رکھتے ہیں ہمں حوصلہ ہے کہ کسی پر کیچڑ نہیں اچھالیں گے۔