ایئر پورٹس پر ٹھیکے لینے کیلئے سی اے اے نے نجی کمپنی رجسٹرڈ کرالی، افسران ابہام کا شکار

March 24, 2018

کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ادارے کی ایک نجی کمپنی پاکستان ایئرپورٹ سروسز کے نام سے رجسٹرڈ کروالی ہے مگر اس کے کردار کے حوالے سے ادارے کے افسران ابہام کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان سی اے اے کا کہنا تھا کہ اس قسم کی نجی کمپنیاں دنیا کے دوسرے ایوی ایشن اتھارٹی اداروں میں بھی موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کئی برس قبل سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں ادارے کی ایک ذیلی کمپنی پاکستان ایئرپورٹ سروسز لمیٹڈ کو رجسٹرڈ کروانے کی درخواست جمع کروائی تھی جس کا اجازت نامہ چند یوم قبل ایس ای سی پی نے جاری کردیا۔ اس کمپنی کے 3 ڈائریکٹرز ہوں گے جن میں ڈائریکٹر ایچ آر سمیر سعید کے 34 فیصد شیئر اور وہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ نادر شیخ ڈار اور ایڈیشنل ڈائریکٹر کمپٹیشن اینڈ بینیفٹ انیس الرحمن 33-33 فیصد شیئر کے ساتھ کمپنی کے ڈائریکٹر ہوں گے۔ کمپنی کا رجسٹرڈ آفس پی آئی اے بلڈنگ فضل الحق روڈ، اسلام آباد میں واقع ہے۔ اس کا منظور شدہ کیپٹل 100 روپے والے ایک لاکھ شیئرز اور پیڈ اپ کیپٹل کے 100 روپے والے ایک لاکھ شیئرز کی مالیت پر مشتمل ہوگا۔ اس حوالے سے مذکورہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور ڈائریکٹر ہیومن ریسورس سمیر سعید نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ کمپنی ایئرپورٹس پر ان شعبوں کے ٹھیکے لے گی جس پر سی اے اے کام نہیں کرتی۔ ادارے کے ملازمین کیلئے فلاحی کام خاص طور پر رہائشی علاقوں کی بہتری اور مزید رہائشی بلاکس اور ہاؤسنگ اسکیم کا اجراء، ملازمین کے بچوں کی تعلیم و تربیت اور ریٹائرڈ قابل ملازمین کی خدمات کا حصول، اس کمپنی کے خاص مقاصد ہوں گے۔ اُنہوں نے شیئرز کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ اگر یہ ادارہ کامیاب ہوجاتا ہے تو پھر ہم غیر ملکی ایئرپورٹس پر بھی ٹینڈر میں حصہ لیا کریں گے۔ اسی حوالے سے ترجمان سی اے اے اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل عامر محبوب کا کہنا تھا کہ مذکورہ کمپنی پاکستان ایئرپورٹس سروسز لمیٹڈ سول ایوی ایشن کی ہی ملکیت ہے اور اس کے تینوں ذمہ داران سی اے اے کے ہی ’’سیلف ایمپلائڈ‘‘ (Self Employed) ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جس طرح ترکش کمپنی ٹیب نے پاکستان میں ٹھیکے لیے ہیں ویسے ہی یہ کمپنی بھی پاکستان کے بعد بیرون ملک بھی ٹھیکے لینے کی کوشش کرے گی۔