پی ایس ایل فائنل کیلئے ہر سطح پر فول پروف حفاظتی اقدامات ہوں گے

March 25, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیرداخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی زیرصدارت اجلاس میں 25مارچ 2018 کوہونیوالے پی ایس ایل کرکٹ فائنل میچ کے موقع پر سیکیورٹی اور پروٹوکول مینجمنٹ جیسے امور ولائحہ عمل کاتفصیلی جائزہ لیا گیا اور مزید احکامات دیئے گئے بعدازاں اجلاس شرکاء نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا خصوصی دورہ کیا اور پارکنگ لاٹس،مارشلنگ ایریا کا بھی وزٹ کیا اور جملہ ضروری امور واقدامات پر تبادلہ خیال کیا،اجلاس میں سیکریٹری جی اے،سیکریٹری داخلہ سندھ ایڈیشنل آئی جی کراچی سیکٹرکمانڈربھٹائی رینجرز، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے علاوہ ڈائریکٹرسیکیورٹی پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی شرکت کی اس دوران اجلاس میں وزیرداخلہ سندھ کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل کرکٹ میچ کی مناسبت سے ملکی وغیرملکی کھلاڑیوں ومندوبین کی سیکورٹی کے ضمن میں ائیرپورٹ تا اسٹیڈیم کے تمام مرکزی روٹس رہائشی ہوٹلز وغیرہ کے لیئے سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو عین پلان کے مطابق نافذالعمل بنایا جارہا ہے اور اس ضمن میں تمام پولیس ڈپلائمنٹ کو وقتاً فوقتاً بریفنگ کے بھی اقدامات لازمی بنائے جارہے ہیں تاکہ جملہ حفاظتی اقدامات کو ہرسطح پر فول پروف بنایا جاسکے،وزیرداخلہ سندھ نے کہا کہ غیرمعمولی مربوط اور کامیاب سیکیورٹی اقدامات سے ناصرف بین الاقوامی سطح پر امن وامان کے اقدامات کو سراہا جائیگا بلکہ پاکستان کی سطح پر انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی بھی یقینی ہوجائیگی۔