اورنگی ٹائون،مبینہ خودکشی کرنے والی خاتون کی تدفین رکوا دی گئی

March 25, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹائون میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی خاتون کی خاموشی سے ہونے والی تدفین کو پولیس نے رکوا کر لاش تحویل میں لے لی ،پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی ہو گی،تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے بخاری کالونی بکرا پیڑی میں واقع قبرستان میں ایک خاتون کی خاموشی سے تدفین کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تدفین رکوانے کے بعد لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا ،پولیس نے بتایا کہ متوفیہ کی شناخت 35سالہ رابعہ زوجہ زرک لعل خان کے نام سے ہوئی،متوفیہ کے اہل خانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خاتون نے جمعہ کی شب گھر میں زہریلی چیز کھا کر خودکشی کی ہے جس پر ہم تدفین کر رہے ہیں ، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون 6بچوں کی ماں تھی اور 6ماہ قبل گھر سے بھاگ گئی تھی اور چند روز قبل واپس آئی تھی،امکان ہے کہ خاتون کو گھر والوں نے تشدد یا زہر دے کر قتل کیا ہے لہٰذا پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر مزید تفتیش کی جائے گی ۔