ایران سے جنگ چھڑسکتی ہے، سعودی ولی عہد

March 31, 2018

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ خطے میں نئی جنگ سے بچنے کے لیے عالمی برادری ایران پر دباؤ ڈالے، اگر ایران کو محدود رکھنے کی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں تو آئندہ 10،15سال میں اس کے ساتھ جنگ چھڑجانے کا امکان ہے۔

ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی میڈیا کو انٹرویودیتے ہوئے مزید کہا کہ ایران کو محدود رکھنے کے لیے اس پر پابندیاں عائد کرنا ضروری ہے، اخوان المسلمین دہشت گردوں کی پرورش کرنے والی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نجات حاصل کرنی ہے، یہ جماعت شدت پسندی کی تعلیم دیتی ہے جو بالآخر دہشت گردی کا باعث ہے۔

یمن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے کہا کہ اگر ہم یمن میں آپریشن نہ کرتے تو پورے خطے کے لیے بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوتا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2015ء میں جنگی مداخلت کا فیصلہ نہ کیا جاتا تو آج یمن دو حصوں میں تقسیم ہوچکا ہوتا، آدھے حصے پر حوثی باغیوں کا قبضہ ہوتا اور دوسرے حصے پر القاعدہ قابض ہوتی۔