2006ء:پاک ویسٹ انڈیز سیریز محمد یوسف کے نام رہی

April 01, 2018

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 12سال کے طویل عرصے بعد پاکستان کے دورے پر ہے ، جس کے دوران وہ کراچی میں تین ٹی 20میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے آخری بار 2006ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا ،جس میں اس نے پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچ کھیلے گئے تھے ۔

یہ سال اور یہ سیریز سابق پاکستانی بلے باز محمد یوسف کے لیے بہت اہم ثابت ہوئی تھی جس میں انہوں نے کئی ریکارڈ اپنے نام کئے تھے ، اسی سال’’ رنز مشین ‘‘کا خطاب ملنے کے ساتھ انہوں نے سر ویون رچرڈز کا تیس سال پرانا رکارڈ بھی توڑا تھا ۔

30 نومبر 2006ء کو کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے آخری ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں انہوں نے سنچری بنائی تھی ۔

میچ کی تیسری اننگز میں محمد یوسف ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے تھے ،اس سال انہوں نے33.99کی اوسط سے1788 رنز بنائے تھے ۔

تین ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ظہیر عباس کا رکارڈ توڑنے میں بھی محمد یوسف کامیاب ہو ئے تھے ۔ ظہیر عباس نے 79/1978 میں دورہ بھارت کے دوران 583 رنز بنائے تھے ۔

محمد یوسف نے 2006 میں 9 سینچریاں بنائی جو ایک سال میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے کا عالمی رکارڈ ہے ۔انہوں نے لگاتار 6 سینچریاں بنا کر سابق آسٹریلوی بلے باز سر ڈان بریڈمین کا ریکارڈ بھی برابر کیا ۔ تاہم ڈان بریڈمین کے چھ میچوں کے مقابلے میں محمد یوسف نے صرف چار میچوں میں یہ ریکارڈ بنایا۔

2006ء میں ملتان میں 191 رنز بنانے کے بعد وہ ٹیسٹ تاریخ میں تین بار 190 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بن گئے۔ سب سے اہم بات یہ کہ محمد یوسف اس سیریز کے مین آف دی سیریز بھی قرار پائے تھے ۔