عمر بڑھنے سے روکنے والی خاص غذائیں

April 05, 2018

وقت کے ساتھ انسان کی عمر تو بڑھتی ہی ہے لیکن اس کےساتھ ہی چہرے پر بڑھاپے کے آثار بھی نمایاں ہونے لگتے ہیں اور تب ہی ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی عمر سے کم اور چھوٹا نظر آئے ۔ جس کے لیے وہ مختلف کیمیکلز سے تیار کی گئیں کریموں اور لوشنز کا استعمال کرتے ہیں جو کہ انسانی جسم کے لیے بے حد خطرناک ہے۔

تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روز مرہ میں استعمال کی جانے والی خوراک 100 فیصد انسانی صحت پر اثر کرتی ہے۔ اسی لیے خوراک کے چنائو کےمعاملے میں ہمیں احتیاط سے کام لینا چائیے کیونکہ ہم اس بات سے بلکل بے خبر ہوتے ہیں کہ جو اشیاء ہم استعمال کر رہے ہیں وہ ہماری صحت کے لیے مفید ہے کہ نہیں۔

صرف چند ہفتوں میں بڑھتی عمر کے اثرات سےبچا جاسکتا ہے لیکن اس کے لیے چند باتوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔

موسمی پھل اور سبزیوں کا استعمال:

بڑھتی عمر کے ساتھ چھوٹا نظر آنے کے لیے موسمی پھل اور سبزیوں کا استعمال نہایت ضروری ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق اپنی خوراک میں زیادہ سے زیادہ پھل اور سبزیاںاستعمال کریں کیونکہ اس میں وٹامن اے، بی اور کے ستھ ٹاکیروٹین شامل ہوتے ہیں جو چہرے کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔

پھل اور سبزیوں کا شمار اینٹی آکسیڈینٹ غذا میں ہوتا ہے جو بیرونی بیکٹیریا کی شکایت سے بچاتی ہے اور صحت کو تندرست اور توانا رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ سرطان اور ذیابیطس جیسی بیماریوں سے بھی محفوط رکھتی ہیں۔

’فیٹس‘ سے بھرپور اشیا ءکا استعمال:

فیٹ یعنی چربی سے بھرپور اشیاء کا استعمال بھی اپنی عمر سے کم نظر آنے میں مدد دیتا ہے ۔ خاص طور پر ’فیٹی ایسڈ اور لینولیک ایسڈ‘ انسانی جسم کو صحت مند اور چہرے کو پر کشش بنانے میں اہم کردار ادا کرتاہے۔

چربی کا استعمال انسانی جسم میں پانی کی کمی کو دور کرتا ہے اور خون میں شامل شوگر کی مقدار کو کنٹرول میں رکھتا ہے۔ ان اشیاء میں ناریل، ناشپاتی، اخروٹ، بادام ،سرسوں کے بیج وغیرہ شامل ہیں جو چہرے کی جھریوں کو ختم کرنے اور جلد کو خوبصورت بنانے میں مدد دیتی ہیں۔

پروٹین کا استعمال :

انسانی جلد، بال اور ناخن کے بڑھنے میں پروٹین کا عمل دخل ہے۔ اور یہی چیزیںانسان کی عمر کا تعین کرتی ہیں تب ہی ان کا صحت مند ہونا بہت ضروری ہے۔ پروٹین سے بھرپور غذائوں میں چکن، مچھلی، انڈے وغیرہ شامل ہیں ۔

اینٹی آکسیڈینٹس:

عمر گھٹانے کا بہترین آلہ ’اینٹی آکسیڈینٹس‘ ہیں، گہرے رنگ کے پھل اور سبزیاں جلد کے خلیوں کی نشونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس کے علاوہ اینٹی آکسیڈینٹ جلد میں موجود پروٹین کی حفاظت کا کام بھی انجام دیتے ہیں۔

اگر چاہتے ہیں کہ آپ اپنی عمر سے کم نظر آئیں تو لال ٹماٹر، پالک، گاجر شملہ مرچ کا استعمال بڑھائیں۔

ہائی کیلوریزسے گریز:

اپنی عمر سے کم نظر آنے کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ ہائی کیلوریز والی غذائوں سے پرہیز کیا جائے۔ یہ اشیاء انسانی جسم کو موٹا پے کی طرف لے کرجاتی ہیں جس کے سبب انسان اپنی عمر سے بڑا نظر آتا ہے۔