شادی سے پہلے شادی کی پلاننگ

April 06, 2018

فلم 'سلم ڈاگ ملین ائیرسے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ فریدہ پنٹو نے کہا ہے کہ اگر وہ شوبز کی دنیا میں کامیاب نہ ہوسکیں تو ویڈنگ پلانر کا شعبہ اختیار کر لیں گی۔پنٹو جو سابقہ ماڈل بھی ہیں، کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بہن کو بہت پہلے بتا دیا تھا کہ اگر وہ پچیس سال کی عمر تک اداکاری میں شہرت حاصل نہ کر سکیں تو اپنا پیشہ تبدیل کرلیں گی۔تاہم خوش قسمتی سے تئیس سال کی عمر میں فلم 'سلم ڈاگ ملین ائیر کو کامیابی مل گئی اور یہی وجہ ہے کہ پنٹو ویڈنگ پلانر نہ بن سکی۔

ہمارے ہاں شادی کسی کی بھی ہو، ہر کوئی ویڈنگ پلانر بن جا تاہے کیونکہ ہمارے ہاں عام لوگوں میں اپنی شادی کے حوالے سے بڑے ارمان ہوتے ہیں اور میک اپ سے لے کر ڈریسنگ تک لمبی پلاننگ کی جاتی ہے۔ ’’سیلیبرٹی ویڈنگ‘‘ میں تواس قدراہتمام کیا جاتا ہے کہ ایک عرصے تک لوگ اس کی مثالیں دیتے ہیں اور لاکھوں لوگ ان کےا سٹائل کو’’کاپی‘‘ بھی کرتے ہیں۔

جب 1994 میں پاکستان سینما میں بھارتی فلم ’’ 'ہم آپ کے ہیں کون ‘‘ریلیز ہوئی تو یہاں شادی کے جشن اور مہندی کا طریقہ کار ہی بدل گیا۔ اس کےبعد دو دہائیوں میں اتنی تبدیلی آئی کہ اب ڈرم اور پرانے گانے چھوڑ کر خود سے ڈانس کرنے اور دوسرے جشن کے طریقے آزمائے جانے لگے۔ ویڈنگ ویڈیوز میں بھی ایسی ہی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں۔ 90 کی دہائی میں تو شادی کی ویڈیو بنانے کا سادہ سا طریقہ تھا۔ شوٹنگ کرو، اس میں گانے شامل کرو اور بس ویڈیو تیار۔ آج کل اتنی ترقی ہو گئی ہے کہ بہت ہی بہترین طریقے سے ہر چیز کو فلمایا جاتا ہے۔

بہر حال یہ تو بات تھی شادی کی ویڈیو کی، اگر بات کی جائے لڑکی کی شادی کی تو اس کی شادی کی پلاننگ اس کے پیدا ہوتے ہی شروع ہو جاتی ہے، اور بہت سے گھرانوںمیںلڑکی پائوں پائوںچلنے سے لے کر رشتہ آنے تک اس کے جہیز کے انتظام کی پریشانی شروع ہوجاتی ہے ۔تاہم اگر آپ اپنی شادی کے شاندار دن کی منصوبہ بندی کے خواب دیکھ رہی ہیں تو آپ کو صرف شادی کی ہی نہیں زندگی بھر ساتھ نبھانے کی منصوبہ بندی بھی کرنی ہوگی۔ اس کیلئے کچھ گزارشات حاضرہیں۔

فہرست بنالیں

شادی کے بکھیڑوںمیںبہت سے کام رہ جاتے ہیں تو سارے کاموںکی فہرست مرتب کرلیں ۔ کام ہوتے جائیں تو انہیںقلم زد کرتے جائیں اور جو کام کسی اور کے ذمے ہیںان کی بھی فہرست بنالیں اور گاہے بگاہے رپورٹ لیتی رہیں۔ چھوٹا سا یہ کام آپ کے بڑے کام آسان کردے گا۔

جو کچھ سوچیں اس کو واضح رکھیں اور اس پر قائم رہیں

آپ کا دماغ مسلسل خوب سے خوب تر کی تلاش میںہوگا۔ جس سے آپ پر پڑنےوالا دبائو کبھی تیز ہوگا کبھی تھم جائے گا۔ اس سلسلے میںآپ کو خود پر کنٹرول رکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات یاد رکھیں کہ آپ سب کو خوش نہیں رکھ سکتیں اسی لیئے جس کا مشورہ آپ کے من کو بھائے اسی پر عمل کریں۔جو مشورہ قابل عمل نہ لگے اسے ایک طرف رکھ دیں۔ بعض اوقات چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی پریشان کرتی ہیں ان کےبارے میں بھی حتمی فیصلہ کرکے آگے بڑھ جائیں۔

طویل مدت کی منصوبہ بندی

لازمی بات ہے آپ پہلی بار شادی کررہی ہیں اور اسے زندگی بھر نبھانے کا مصمم ارادہ کیے ہیں ، تو شادی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنے ہمسفر کے ساتھ ایک طویل رفاقت کا سفر طے کرنے کیلئے بہت کچھ سوچنے کی ضرورت ہوگی، کیونکہ آپ شادی کی تقریبات کیلئے کتناہی اہتمام اور انتظام کرلیں ، وہ ختم ہو ہی جانی ہیں لہٰذا باہمی مشاورت سے آپ وہ سب کام کریںجوآپ کی آنے والی زندگی کی منصوبہ بندی کو تقویت دے نہ کہ دلو ں میں ناراضگیوںکا باعث بنے۔

دوسری بات یہ کہ آپ کو یہ سب دنیا کو دکھانے کیلئے نہیںکرنا بلکہ ایک دوسرے کا ساتھ زندگی بھر نبھانے کے عزم کے ساتھ سب کچھ انجام دیناہے۔ شادی میںہونے والی رسوم و رواج کو نبھانا زیادہ اہم ہے یا باہمی رضا مندی سے شادی کا اہم فریضہ انجام دینا زیادہ اہمیت رکھتاہے۔ اس سلسلے میںلازمی سوچ بچا ر کرنا ہوگا۔

شادی سے پہلے کی ڈائٹ

اکثر دیکھا گیا ہے کہ شادی سے پہلے لڑکیاں سلم اور فٹ دکھنے کیلئے ڈائٹنگ شروع کردیتی ہیں ، تو یہ اچھی بات نہیںہوتی ۔ شادی اور اس کی تقریبات وانتظامات کی ٹینشن الگ ہوتی ہے اوپر سے لڑکیاںیہ درد سر بھی پال لیتی ہیں، نتیجے میں چہرے پر سے رونق ختم ہونے لگتی ہے، بال بے جان اور روکھے ہو جاتےہیں، سستی اور تھکاوٹ الگ ہوتی ہے۔

وزن کم کرنے کا یہ مطلب نہیں کہ کھانا پینا چھوڑ دیا جائے اور جسم کو درکار لازمی کیلوریز بھی اسے فراہم نہ کی جائیں، اسی لیے شادی کی ویڈیو یا تصاویر میں دبلی پتلی نظر آنے سے بہتر ہے کہ صحت مند نظرآئیں کیونکہ صحت مند ہونے اور فربا ہونے بہت فرق ہوتاہے۔ اس کیلئے آپ ڈاکٹر کے مشورے سے بھرپور ڈائٹ کے ساتھ کچھ ایکسرسائز کرسکتی ہیں تاکہ آپ کے چہرے کی دلکشی اور بالوں کی مضبوطی اور گھنے پن میںکسی قسم کی کمی نہ پائے ۔

بھرپور نیند اور آرام

شادی کی تقریبات میںرت جگے لازمی امر ہیں ۔اسی لئے حتی الامکان کوشش کریں کہ آپ کی نیند پوری رہے ، اس سے آپ کا میٹابولزم بھی درست رہے گا اور ساتھ ہی آپ شادی کے دوران ہونے والی تقریبات اور دیگر پروگرامز کا لطف اٹھا سکیں گی۔ کوشش کریںکہ شادی کے دنوںمیںشاپنگ کے سلسلے میںبھاگ دوڑ نہ کریں اور بہت دن پہلے ہی سب شاپنگ وغیرہ ختم کرلیں ، ورنہ اس ٹینشن سے آپ کی نیند بھی اڑی رہے گی اور آپ خود کو بے آرام بھی محسوس کرتی رہیں گی۔ شادی سے ایک ماہ قبل آپ سارے کام نمٹالیں اور بھرپور نیند کےساتھ ساتھ یوگا کی مشق بھی کرتی رہیں تو آپ کیلئے یہ بہت فائدہ مند ہوگا۔

کشمکش سے بچیں

ہوسکتاہے جس کے ساتھ آپ زندگی گزارنے جارہی ہوں اس کے بارے میں آپ زیادہ نہ جانتی ہوں اور اپنے ہونے والے شریک حیات کے مزاج ، عادات و اطوار کے بارے میںپریشان ہوتی رہیں کہ پتہ نہیںکیا ہوگا، تو ان سب چیزوںکو پس پشت ڈال دیں، کیونکہ ایک بار آپ جب زندگی کا نیا باب شروع کردیں گی تو آپ دونوں ایک دوسرے کےمزاج ، عادات و اطوار کو سمجھنا شروع کردیں گے اور پھر سب ٹھیک ہو تا چلاجائے۔ جو چیز ابھی ہوئی نہ ہو اس کے بارے میںسوچ سوچ کر خود کو پریشان کرنے سے کوئی فائدہ نہیں، تو فی الحال آپ اپنی شادی انجوائے کریں ، باقی معاملات کو بعدکیلئے چھوڑ دیں۔