ہوٹل مینجمنٹ کی تعلیم

April 08, 2018

ہوٹل کی صنعت پوری دنیا میں ایک مسلسل فروغ پذیر شعبہ ہے۔ پاکستان میں بھی اس صنعت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ہر روززیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ افرادکی ضرورت پیش آرہی ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹورزم اینڈہوٹل مینجمنٹ کے مطابق اس وقت ملک میں 11 سو ہوٹل ہیں جن میں ایک ستارہ سے پانچ ستارہ ہوٹل تک شامل ہیں۔ ان 11 سو ہوٹلوں کے 19 ہزار کمروں میں تقریباً 34 ہزار بستروں کی سہولت موجود ہے۔

اس وقت متعد د ہوٹل زیرِ تعمیر ہیں، جن کی تکمیل کے بعداندازہ ہے کہ مزید دس ہزار کمروں میں 17 ہزار بستروں کی گنجائش ہوگی۔ چھوٹے پیمانے پرریستوراں، اسنیک بار اور کیٹرنگ سروس ایک تیزرفتار فروغ پذیر شعبہ ہے جس میں ذاتی کاروبار کے مواقع بھی ہیں اور ملازمت کے بھی۔

ہوٹل کی صنعت میں اس وقت تقریباً 40 ہزار افراد کام کررہے ہیں۔ آئندہ دس سال کے لیے پی آئی ٹی ایچ ایم کااندازہ ہے کہ اس صنعت میں ہر سال 15 سو افراد کی ضرورت ہوگی۔

اندرونِ ملک ملازمت کے مواقع کے علاوہ اس پیشے میں بیرونِ ملک ملازمت کے بھی مواقع موجود ہیں۔ خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے میں ہوٹل کی صنعت میں کام کرنے والے کارکنوں کی اچھی خاصی تعداد پاکستانی باشندوں پر مشتمل ہے اور وہاں گنجائش نکلتی رہتی ہے۔

اس پیشے میں ذاتی کاروبار کے مواقع بھی خاصے ہیں۔ اسنیک بار، فاسٹ فوڈ ریستوراں اور کیٹرنگ سروس ایسے شعبے ہیں جہاں مناسب سرمائے کے ساتھ اپنا کام شروع کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان میں ہوٹل مینجمنٹ اور اس کے متعلقہ پیشوں کی باقاعدہ تربیت فراہم کرنے والا صرف ایک ادار ہے جو ’’پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹورزم اینڈہوٹل مینجمنٹ ‘‘ کے نام سے معرو ف ہے، یہ ادارہ وزارت سیاحت حکومتِ پاکستان کے زیرِ اہتمام کام کرتا ہے۔ اس کی عمارت ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کراچی کے فیز 5 میں واقع ہے۔

اس وقت اس ادارے میں ہوٹل مینجمنٹ او رٹورزم کے 17 مختلف شعبوں کی تربیت کا انتظام ہے جن میں سے 12 ہوٹل مینجمنٹ اور 5 ٹورزم سے تعلق رکھتے ہیں۔ تربیتی نصاب کی مدت ایک ہفتے سے ا یک سال تک ہے۔ ہوٹل مینجمنٹ کے تربیتی پروگرام درجِ ذیل ہیں :

ایلیمنٹری ہوٹل مینجمنٹ

اس ڈپلوما کورس کی مدت ایک سال ہے۔ تربیتی کلاسیں شام کے اوقات میں ہوتی ہیں۔ کورس کی فیس 6050 ہے جو یک مشت یا اقساط میں ادا کیجاسکتی ہے۔ داخلے کے لیے بنیادی اہلیت انٹرمیڈیٹ ہے۔

ایک سال کی مدت میں امیدواروں کو ہوٹل مینجمنٹ کے ہر شعبے اورہر پہلو کے بارے میں تربیت دی جاتی ہے۔ ادارے کے اپنے اساتذہ کے علاوہ مختلف ہوٹلوں میں کام کرنے والے تجربہ کار افراد بھی لیکچر دیتے ہیں۔ تربیت کے دوران امیدواروں کو مختلف ہوٹلوں میں عملی تربیت کا موقع بھی ملتا ہے۔ کامیاب تکمیل پر ڈپلوما دیا جاتا ہے۔

فوڈ اینڈ بیوریجز آپریشن

مشروبات اور کھانوں کے امور کی نگرانی کی تربیت کا ایک سالہ کورس صبح کے اوقات میں ہوتا ہے۔ کورس کے اخراجات 6050 روپے ہیں۔ نظری اورعملی تربیت انسٹی ٹیوٹ کے کمرۂ تدریس اور تدریسی باورچی خانے میں دی جاتی ہے جوجدید آلات اور سہولتوں سے مزین ہے۔ اس کورس کا مقصد امیدواروں کو ہوٹل اورریستوران میں مشروبات اور کھانوں کے امورکی نگرانی کے معاملات سے واقف کرانا اورانھیں اس نگرانی کا اہل بنانا ہے۔ امیدوار کی قائدانہ صلاحیتوں کواجاگر کرکے انھیں کھانے کی تیاری، اندراجات اورانتظامی امورکا اہل بنایا جاتا ہے۔

ایڈوانس فوڈ پروڈکشن

کھانا تیار کرنے کی عملی تربیت کے اس نصاب کا دورانیہ ایک سال اور اخراجات 6050 روپے ہیں۔ تدریس شام کے اوقات میں ہوتی ہے۔ داخلے کی اہلیت بارہویں جماعت کامیاب ہے۔ تربیت کی کامیاب تکمیل پر ڈپلومہ تفویض کیا جاتا ہے۔

اس نصاب میں کھانوں کی مقدار کا تعین کرنا، ان کی لاگت کا تخمینہ لگانا، کسی دعوت یا ہوٹل یا ریستوراں کے لیے کھانوں کا انتخاب کرنا، کھانا تیار کرنا اور کھانوں میں قوت بخش غذائی اجزا کوبرقرار رکھتے ہوئے ذائقوں کو پیدا کرنے کے معاملات کی تربیت دی جاتی ہے۔