ہمیں قربانی کابکرا بنایا گیا، سازش ہوئی، ثبوت لائے جائیں،پی ٹی آئی ارکان

April 19, 2018

پشاور(نمائندہ جنگ‘جنگ نیوز) ووٹ بیچنے کے الزام پر تحریک انصاف کے اراکین عارف یوسف‘ عبیداللہ مایار‘یاسین خلیل ‘نگینہ خان ‘امجد آفریدی ‘ جاوید نسیم ‘فوزیہ بی بی ‘ قربان علی‘نرگس علی ‘سمیع اللہ ودیگرنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں قربانی کا بکرابنایاگیاہے ‘ ہمارے خلاف سازش ہوئی‘ صحیح انکوائری نہیں ہوئی ‘ ثبوت سامنے لائیں جائیں ‘ پی ٹی آئی بیوقوفوں کا ٹولہ ہے ‘خاموش نہیں رہیں گے ‘عمران کے خلاف عدالت جائیں گے‘کپتان نے سستی شہرت کیلئے ڈرامہ رچایا ،یہ کیسی انکوائری ہے؟ہمیں کسی نے سنا نہ موقف لیا، رسوا کرکے کہہ رہے ہیں خود کو صاف کرو‘اپنے وزیر اعلیٰ اور سینٹ امیدواروں سے قرآن پر حلف لیں کہ انہوں نے سینٹ میں پیسے تقسیم نہیں کئے ‘عمران خان بتائیں انہوں نے چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے زرداری کو کتنے میں ووٹ بیچا‘پارٹی پالیسی میں انہوں نے ضمیرکا سوداکیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی عارف یوسف نے کہا ہے کہ ووٹ نہیں بیچا ، ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ، پارٹی کی طرف سے ملنے والے شو کاز نوٹس کا جواب دیں گے، پی ٹی آئی کے ورکر ہیں اور رہیں گے ۔عارف یوسف نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انکوائری ٹھیک نہیں ہوئی ، انہیں بلا کر نہیں پوچھا گیا ۔عبید اللہ مایار کا کہنا ہے کہ ووٹ کے بدلے کسی سے پیسے نہیں لیے، ووٹ بیچنے کے کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں، ثبوت کے بغیر کارروائی کا کوئی جواز نہیں‘چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے عمران خان نے زرداری کو کتنے میں ووٹ بیچا‘وہ ہم پر الزام لگاتے ہیں ،ہم بھی ان پر الزام لگاتے ہیں کہ انہوں نے 8کروڑمیں ووٹ بیچا ہے ۔یاسین خلیل نے کہا کہ ووٹ بیچنے والوں میں اپنا نام سن کر حیران ہیں، سازش کے تحت ان کا نام ڈالا گیا۔نگینہ خان کا کہنا ہے پارٹی کے فیصلے کے مطابق ووٹ دیا، ایم پی اے امجد آفریدی نے کہا کہ پارٹی انھیں نکال چکی ہے ، وہ آزاد ہیں ۔جاوید نسیم نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کیا ہے کہ 3 سال قبل تحریک انصاف چھوڑ چکا ہوں عمران ٖخان کو جواب دینے کا پابند نہیں جبکہ پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی فوزیہ بی بی نے کہا ہے کہ عمران خان پرویز خٹک کی وجہ سے الزام لگا رہے ہیں، عمران خان کے فیصلے کیخلاف عدالت جائیں گے۔عمران خان کے الزامات بے بنیاد ہیں‘شوز کاز نوٹس کا جواب دیں گے ۔ رکن اسمبلی قربان علی خان نے کہا ہےکہ تحریک انصاف بے وقوفوں کا ٹولہ ہے، عمران خان نے سستی شہرت کیلئے اپنے ارکان کی عزت کیساتھ کھیل کھیلا ہے، جس پر ہم خاموش نہیں رہیں گے، عمران خان نے ثبوت نہ دئیے تو عدالت جائیں گے ۔دوسروں پر چمک کا شکار ہونے کے الزامات لگانے والے کپتان اپنے وزیر اعلیٰ اور سینیٹ امیدواروں سے بھی قرآن پر حلف لیں کہ انہوں نے ووٹ لینے کیلئے کتنے پیسے تقسیم کئے ۔پی ٹی آئی رکن نرگس علی کا کہنا ہے کچھ لوگوں کو بچانے کیلئے انہیں قربانی کا بکرابنایاگیا مگر وہ شوکاز نوٹس کا جواب دیں گی اورخود کو کلیئر کرائیں گی‘ پارٹی سے اس طرح نہیں نکالا جا سکتا ‘ اس کا ایک طریقہ کار ہے ۔ادھر رکن اسمبلی سمیع اللہ نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے سامنے پیش ہوکر سارا ڈیٹا رکھیں گے ‘خان صاحب کے سامنے خودکا دفاع کروں گا اور انشاءاللہ سرخروہوکر نکلوں گا۔