صوبے میں قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے سیٹلائٹ سینٹرز قائم کرینگے، وزیر اعلیٰ

April 21, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے سیٹلائٹ سینٹرز قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے صوبوں سے 40فیصد مریض کراچی علاج کیلئے آتے ہیں اگر دیگر شہروں میں سیٹلائٹ سینٹرز قائم ہوجائیں تو کراچی میں مریض کم ہوجائیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت زیادہ تر اسپتال کامیاب رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نےجمعے کو قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے دورہ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ کے پہنچنے پر قومی ادارہ صحت برائے اطفال کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا نے انکا استقبال کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات بھی کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر صنعت منظور وسان بھی موجود تھے۔ دورہ کے دوران اپنی سیکورٹی کو ہٹانے کے احکامات دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ نہیں چاہتا کہ میری وجہ سے مریضوں کو کوئی تکلیف ہو،دورہ کا مقصد صحت کی سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔ انھوں نے اسپتال کے مختلف وارڈ اور نئے بنائے گئے آئی سی یو وارڈ کا معائنہ بھی کیا۔