خاتون کونسلر پر حملہ، ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،جان محمد بلوچ

April 21, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر )چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین عبدالخالق مروت ، میونسپل کمشنر عمران اسلم ، اراکین کونسل بلدیہ ملیر نے صاحبداد گوٹھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی لیڈی کونسلر و چیئرپرسن صحت کمیٹی بلدیہ ملیر سائرہ بلوچ پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون شکن عناصر انتہائی بد اخلاقیوں اور تشدد پر اتر آئے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،مخالفین اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر کے ہمیں عوامی خدمت سے نہیں روک سکتے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور ہم اسی طرح عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ کی ہدایت پر گزشتہ دنوں سائرہ بلوچ عوامی شکایات پر صاحبداد گوٹھ کا دورہ کررہی تھیں دورے کے دوران علاقے کے بعض عناصرنے ان پر حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا جس سے ان کے چہرے پر آنکھ کے نزدیک شدیدزخم آیا ، چیئرمین بلدیہ ملیر نے اس حملے کو شرمناک اور قابل مذمت عمل قرار دیتے ہوئے ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔