کراچی کا پرسانِ حال نہیں،بہتری کیلئے لوگوں کاساتھ چاہیے، وسیم اختر

April 21, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر کسی کے پاس جائوں گا ، میئر کراچی کے 3روزہ دورے پر لاہور آمد پر لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا،میئر کراچی نے مزار اقبالؒ پر حاضری دی ،وسیم اختر نے کرنل (ر) مبشر جاوید کے ہمراہ ایوانِ وزیراعلیٰ میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات بھی کی۔ میئر کراچی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی دنیا کا تیسرا بڑا شہر ہے جہاں امپورٹ ایکسپورٹ کیلئے 2پورٹس لگتے ہیں مگر شہر کا کوئی پرسانِ حال نہیں، کراچی کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سے مدد مانگنے کا مشورہ میئر لاہور نے دیا، ملک ریاض بحریہ ٹائون والے سے بھی شہر کے مسائل کے حل کیلئےمدد مانگی ہے،کراچی کی بہتری کیلئے ہمیں لوگوں کا ساتھ چاہیے، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی انجینئر نے دہشت گردی پر قابو پا لیا ہے، 3کروڑ کی آبادی والے شہر میں بے روزگاری بڑا مسئلہ ہے اگر ڈویلپمنٹ کی جائے تو بیروزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے ورنہ نوجوان غلط حرکتوں پر نہ لگ جائیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ اب فورسز کی وجہ سے کراچی کے حالات بہتر ہیں اب ڈویلپمنٹ آپریشن کی ضرورت ہے اس کیلئے کیوں نہیں اکٹھے ہوتے۔ وسیم اختر نے لاہور پریس کلب کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیااور 5لاکھ روپے گرانٹ کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ شملہ پہاڑی کی حالت کو مزید بہتر بنانےکیلئے فنڈز کی ضرورت پر زور دیا۔اس سے قبل تحصیل ہیڈ کوارٹر نرسنگ ہسپتال مناواں میں میئر کراچی وسیم اختر اور میئر لاہور کرنل (ر) مبشرجاوید کا پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا گیا، گھوڑوں کے روایتی رقص کا اہتمام کیا گیا ،سی ای او مناواں ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شہناز نے مہمانوں کا استقبال کیا۔میئر کراچی نے اس موقع پر ہسپتال میں انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام کو آئین کے تفویض کردہ اختیارات مل جائیں تو عوامی خدمت بہتر انداز میں کی جا سکتی ہے۔ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی طرف سے مہمانوں کیلئے گریٹر اقبال پارک میں عشائیہ کااہتمام کیا گیا جس میں 12 سے زائد کھانوں مٹن قورمہ، افغانی پلائو، کباب، چکن تکہ، ملائی بوٹی، کھیر، کنہ گوشت سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ گریٹر اقبال پارک ڈپٹی میئرز میاں طارق، رائو شہاب الدین، چودھری بلال، ملک طارق چیئرمین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ میئر کراچی نے میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کے ہمراہ لاہور میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے صدر دفتر جیلانی پارک کا دورہ کیا، ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد نے انہیں پھولوں کے خوبصورت گلدستے دیتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ ڈی جی پی ایچ اے نے میئر کراچی کو پی ایچ اے کے مختلف امور پر مکمل بریفنگ بھی دی اور پی ایچ اے کے مختلف بڑے پراجیکٹس بارے بھی آگاہی دی گئی، میئر کراچی نے پی ایچ اے کے کام کو بہت سراہا اور پی ایچ اے کے ہارٹیکلچر ورک سے متاثرہوئے بغیر نہ رہ سکے۔میئر کراچی کو گریٹر اقبال پارک میں موجودنیشنل ہسٹری میوزیم بارے بھی آگاہی دی گئی جس پر انہوں نے میوزیم کے دورہ کی بھی خواہش کا اظہار کیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ناہید گل بلوچ اور ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر سید محمد شہزاد طارق بھی ہمراہ موجود تھے۔دورہ کے اختتام پر میئر کراچی کو پی ایچ اے کی جانب سے لاہور کی خوبصورتی سے متعلق تصویری کتاب " لاہور از لاہور " بھی پیش کی گئی۔