ہالی ووڈ اداکارہ کااسرائیلی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان

April 22, 2018


ہالی ووڈ اداکارہ نتالی پورٹ مین نے اسرائیل کی حکومت کی جانب سے بیس لاکھ ڈالر کا ایوارڈ وصول کرنے کی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ۔

یہودی اداکارہ نتالی پورٹ مین کا کہنا ہے یہ تقریب یروشلم میں منعقد کی جائے گی اور اس میں بینجمن نتن یاہو نے کلیدی خطاب کرنا تھا،اس طرح وہ ایوارڈ وصول کر کے نتن یاہو کی پالیسیوں کی توثیق نہیں کرنا چاہتی تھیں۔

امریکی اداکارہ نے اسرائیل کی وزیر ثقافت میری راگیو کے اُس بیان کی بھی تردید کی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایوارڈ کی تقریب کا بائیکاٹ کر کے پورٹ مین نے اُن پالیسیوں کی حمایت کی ہے جو اسرائیل مخالف اور بی ڈی ایس تحریک کا حصہ ہیں۔

بی ڈی ایس موومنٹ ایک عالمی تحریک ہے جو آزادی، انصاف اور مساوات کا پرچار کرتی ہے۔ پورٹ مین نے اپنے تردیدی بیان میں واضح کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں بی ڈی ایس تحریک کا حصہ نہیں ہیں اور نہ ہی اُس کی پالیسیوں کی توثیق یا حمایت کرتی ہیں۔