دو دریا فوڈ اسٹریٹ بند کرنے کا نوٹس جاری

April 23, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.


ساحل کی ٹھنڈی ہوائیں، مصالحہ کی مہکتی خوشبو اور شہر کی گرد و غبار اور آلودگی سے دور ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں واقع و دریا فوڈ اسٹریٹ بند ہونے والی ہے۔ اس ضمن میں ڈی ایچ اے انتظامیہ نے ہوٹل مالکان کو جون سے کاروبار بند کرنے کے نوٹس دے دئیے ہیں۔

کراچی کی اس ساحلی پٹی پر 17 ریسٹورنٹس نے مل کر اس مقام کو جسے ڈیولز پوائنٹ کے نام سے جانا جاتا تھا دو دریا فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل کیا تاہم اب3 ریسٹورنٹس بند ہوچکے ہیں اور انتظامیہ نے ملکیت اپنے پاس واپس لے لی ہے۔

کئی سال تک کراچی والوں کا پکنک پوائنٹ بننے کی بعد اب اس فوڈ اسٹریٹ کو بند کردیا جائے گا اور وجہ ڈی ایچ اے بتانے سے گریز کر رہی ہے جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے ایسے تفریحی مقام کو بند کرنے کے فیصلے پر انتظامیہ کو غور کرنا چاہئے۔

ترجمان ڈی ایچ اے سے متعدد بار رابطہ کرنے کے باوجود انہوں نے موقف نہیں دیا البتہ ہوٹل انتظامیہ نے نام نہ بتانے کی شرط پرجیو نیوز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ اس جگہ دس سے بیس ہزار افراد کام کرتے ہیں جن کا روزگار چھوٹ جائے گا جبکہ کروڑوں روپے کا ٹیکس دینے والے ہوٹل بند ہوجائیں گے اور شہر کا ایک روشن باب بند ہوجائے گا۔

ادھر ہوٹل مالکان نے عدالت عظمیٰ سے حکم امتناعی بھی لے رکھا ہے جسے انتظامیہ ماننے کو تیار نہیں ہے۔