’’پیدل چلنا بہترین دوا‘‘

April 25, 2018

Your browser doesnt support HTML5 video.


کیا آپ نے بقراط کا یہ قول کبھی سنا ہے کہ ’’پیدل چلنا انسان کیلئے بہترین دوا ہے‘‘یقینی طور پر یہ بات درست ہے کہ بھر پور نیند اور صحت بخش غذا کے ساتھ چہل قدمی آپ کو ڈاکٹر سے دور رکھنے میں مدد گار ہوتی ہے۔

روزانہ 15سے30منٹ کی تھوڑی سی چہل قدمی کا بہت جلد فائدہ محسوس ہوگا اور یہ فائدہ نہ صرف آپ کی ظاہری شخصیت کو ہوگابلکہ یہ آپ کی صحت پر بھی انتہائی مثبت اثر ڈالتا ہے،غرض کہ چہل قدمی کی عادت واحد عمل ہے جس کے نتیجہ میں دماغ اوردل سمیت پورے جسم کو واضح طور پر فائدہ پہنچتاہے،بس اس فائدے کیلئے تھوڑی سی کوشش کی ضرورت ہے۔

مطالعے سے یہ بات ثابت ہو ئی ہے کہ چہل قدمی سے دماغ میں مثبت تبدیلیاں واقع ہو تی ہیں ،الزائمر یعنی بھولنے کی بیماری کے خطرے کو کم کرتی ہے، ذہنی جبلت کے جلد انحطاط سے محفوظ رکھتی ہے یعنی مجموعی طور پر دماغی صحت کو تقویت دیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بات واضح نہیں کہ چہل قدمی سے ذہنی دبائو میں کمی واقع ہوتی ہے یا نہیں تاہم چہل قدمی اندرونی طور پراس دبائو کو برداشت کرنے کی صلاحیت کو بڑھاتی ہے۔

چہل قدمی کی عادت بینائی کو تقویت دیتی ہےاورآنکھ کے دبائو کو بڑھانے والی بیماری Glaucoma کیخلاف پر اثر ہے۔

امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق دل کی بیماریوں کی روک تھام کیلئے چہل قدمی کی عادت بہترین ہتھیار ہے،اس عادت سے دل کی تمام تر بیماریوں بشمول لو اور ہائی بلڈ پریشر،کولیسٹرول کی مقدار کو معتدل رکھتا ہے ، دوران خون کو درست اور بحال رکھنے کے علاوہ دل کے دورہ سے بھی بچا جا سکتا ہے۔

ایئرو بک مشق کے ذریعے جسم کو آکسیجن کی زیادہ سے زیادہ مقدار حاصل کرنا مقصود ہوتا ہے چہل قدمی بھی ایئرو بک مشق ہے اور اس مشق کے ذریعے پھیپھڑوں کے حجم کو بڑھایا جاسکتا ہے ،پھیپھڑوں کو اپنی کارکردگی بڑھانے میں مددگار ہو تا ہے۔ ایسے تمام فاضل اور زہریلے مادے جوسانس لینے کو دشوار بناتے ہیں ان کے خاتمے کا ذریعہ بنتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ چہل قدمی شوگر کے مریضوں کیلئے زندگی ہے،کیوں کہ چہل قدمی سے لبلبے کی کارکردگی بڑھ جاتی ہے اور لبلبے کا مکمل طور پر کام کرنا اور صحت مند رہنا شوگر کے مرض سے محفوظ رکھتا ہے،چہل قدمی شوگر لاحق ہوجانے کے بعد بھی فائدہ مند ہے اور اس کی پابندی سے شوگر کی مقدار کو کنٹرول میں رکھا جا سکتا ہے۔

اس عادت کے ذریعے بڑی آنت کے کینسر کے خطرے کو ٹالا جاسکتا ہے، نظام ہضم کوقوت بخشتا ہے، قبض کی شکایت کو دور کرتا ہے،رفع حاجت میں مدد گار بنتا ہے۔

چہل قدمی کےفوائد پر تحقیق کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پردس ہزار قدم چلنے سے نہ صرف وزن کم کیا جاسکتا ہے بلکہ اس سے پٹھوں کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے،حیرت انگیز طور پر اس عادت کے حامل افراد کے جسم کے زخم نسبتاً جلد بھر جاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق 30منٹ روزانہ چہل قدمی کرنے والے جوڑوں کے درد سے محفوظ رہتے ہیں ،ان کی ہڈیاں مضبوط ہو تی ہیں اور ان میں فریکچر کے خطرے کا امکان کم ہوتا ہے،یہ عادت کمر درد سے بھی دور رکھتی ہے۔

ماہرین چہل قدمی کو ڈیپریشن کو بھگانے کا بھی ذریعہ قرار دیتے ہیں کہتے ہیں کہ دوستوں کے ساتھ کچھ دیر کی گپ شپ سے آپ ڈیپریشن سے دور ہو سکتے ہیں اوردوستوں کے ساتھ یہ چہل قدمی آپ کو ڈیپریشن سے میلوں دور لے جائے گی۔