تحریک لبیک پاکستان کے خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کا الیکشن میں حصہ لینے کا امکان

April 26, 2018

لاہور (امتیاز راشد سے) تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی قائدین علامہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری آئندہ الیکشن میں امیدوار ہو سکتے ہیں۔ علامہ خادم رضوی لاہور سے جبکہ پیر افضل قادری گجرات سے امیدواروں میں شامل ہونے کا امکان ہے تاہم ان کو ا میدوار بنانے کا حتمی مشورہ مرکزی مجلس شوریٰ کرے گی جس کا اجلاس رمضان المبارک سے قبل لاہور میں ہو گا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن لڑنے کیلئے ان دونوں قائدین کے نام زیر بحث آ سکتے ہیں۔ ادھر تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں قومی ا ور صوبائی اسمبلیوں کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ تحریک لبیک پاکستان پنجاب اور پشاور میں ہونے والے ضمنی ا نتخا بات میں اپنے امیدوار کھڑا کر چکی ہے۔ یہ تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے الیکشن میں حصہ لینے کا پہلا تجربہ تھا جس کے مطابق تحریک نے لاہور کے این اے 120کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بیگم کلثوم نواز اور تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کے مقابلے میں اپنا امیدوار شیخ اظہر کھڑا کیا تھا۔