اسپغول میں ایسا کیا ہے خاص؟

April 26, 2018

تحریر: لیاقت علی جتوئی
ہم میںسے تقریباً ہر شخص اسپغول سے واقف ہوگا۔ بڑی مشہور اور عام استعمال کی چیز ہے، اور یہ اپنے اندر بڑی بڑی ادویات سے زیادہ اثر رکھتی ہے۔

اسپغول کیا ہے؟

اسپغول ایک بیج ہے۔ اس کا پودا ایک گز کے قریب ہوتا ہے۔ اس کی ٹہنیاں باریک اور پتے لمبے یعنی جامن کے پتوں سے مشابہ ہوتے ہیں۔ اس کا رنگ سرخی مائل سفید ہوتا ہے۔ اس کا ذائقہ پھیکا ہوتا ہے اور منہ میں لینے پر لعاب پیدا کرتا ہے۔ اس کا مزاج سرد اور تر ہوتا ہے۔اسپغول کے چھلکے کو سبوس اسپغول کہتے ہیں۔

عمومی طور پر سبوس اسپغول ہر گھر میں پیٹ کے امراض، نظام ہضم کی خرابی، موٹاپے اور اس سے جڑے امراض کے لیے استعمال ہوتا ہے اور ان امراض کے خلاف اسے ایک طرح سے Generic Drugکی حیثیت حاصل ہے۔

اسپغول کی تاریخ

اسپغول کا نام فارسی کے دو الفاظ سے مل کر بنا ہے۔ ایک لفظ ’’اسپ‘‘ یعنی گھوڑا اور دوسرا ’’غول‘‘ یعنی کان۔ گویا گھوڑے کا کان، یعنی اس دوا کی شکل گھوڑے کے کان سے ملتی ہے۔ فارسی کا یہ نام اس قدر مشہور ہوا کہ برِصغیر میں بھی سب اسے اسپغول کے نام سے پکارنے لگے۔اسپغول کاپودا ایشیا، شمالی افریقا، بحیرہ روم وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔

اسپغول کے فوائد

اسپغول کے بیجوں میں فیٹس یعنی حشمی روغن پایا جاتا ہے۔ اس میں فالودہ نما جیلی جیسا لعاب بھی موجود ہوتا ہےجو انسانی جسم میں بیماری کے خلاف اپنا اثر دکھاتا ہے۔ اسپغول فائبر سپلی منٹس(غذائی ریشے) کا بہترین ذریعہ ہے۔سو گرام اسپغول 71گرام فائبر فراہم کرتی ہے۔

اسپغول کا استعمال

خون میں کولیسٹرول کی مقدار کم کرنے کے لیے اسپغول کے اثرات ایک زمانے سے تسلیم شدہ ہیں۔ امریکا کی فوڈاینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن(FDA)نے آج سے دو دہائیاںقبل 1998میں کولیسٹرول اور دل کے امراض کے خطرات کے خلاف اسپغول کے اثرات کو تسلیم کرچکی ہے۔

1- تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اسپغول انسانی جسم میں برے کولیسٹرول (Low Density Lipoprotein) کی سطح کم کرنے میںبھی مفید رہتی ہے۔

2-اسپغول کے ذریعے صحت مند انداز میں وزن کم کیا جاسکتاہے۔

3-اسپغول اسہال اور اس کی وجہ سے ہونے والی پانی کی کمی کو دور کرتی ہے۔

4-اسپغول پانی میں ملاکر پینے سے عمل انہضام کی نالی کے ذریعے اسٹول باآسانی گزرنے میں مدد کرکے قبض سے بچاتاہے۔

5-گیس اور بدہضمی میں مفید ہے۔

6-اعلیٰ ریشے دار غذا جیسے اسپغول بڑی آنت کے کینسر کے خلاف مؤثر ہے او رآنت کے کینسر کی تشکیل کو روکتی ہے۔

7-یہ خون میں شوگرکی سطح اور انسولین میں باقاعدگی رکھ کر کولیسٹرول کی سطح کو بہتر بناتی ہے اور ذیابیطس کے مرض کے خطرے سے بچاتی ہے۔

8-اس کے استعما ل سے دل کی بیماریوں سے بچاجاسکتاہے۔ یہ شریانوں کے اندر جمی چکنائی کو دور کرکے برُے کولیسٹرول کو کم کرتی ہے۔

9-یہ اسٹول کو معتدل رکھ کر آنتوں کو صحت مند رکھتی ہے اور بواسیر میں ہونے والی تکلیف میں بے حد مفید ہے۔

10-ہائی بلڈ پریشر میں روزانہ 12 گرام اسپغول کا استعمال آپ کے بلڈ پریشر کو کم کرسکتاہے ۔

11-اسپغول کا استعمال بھوک کی طلب کو کم کرکے آپ کاوزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ وزن کی کمی کے لیے کھانے سے آدھاگھنٹے پہلے ایک چمچ اسپغول پانی میں ملا کر استعمال کریں۔

12-یہ ان خواتین کے لئے بھی مفید ہے جو ہارمونل عدم تواز ن کا شکار ہیں۔ اس کا استعمال جسم میں اسٹروجن کی پیداوار میں اضافہ اور ہارمونل عدم توازن کو کنڑول کرنے میں مدد کرتاہے۔

-13اسے آپ دانتوں میں ہونے والے درد کے لیے سرکہ میں بھگو کر دانتوں پر لگاسکتے ہیں ۔

بالوں کی صحت اور اسپغول

سبوس اسپغول بالوں کو نرم کرنے اور بال بڑھانے میںبھی انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ سبوس اسپغول میں عرق گلاب شامل کریں اور اس سے لیس دار پیسٹ بنالیں۔ پیسٹ کو رگڑ کر بالوںپر لیپ کردیں۔ دو گھنٹے بعد بال دھو لیں۔ یہ علاج خصوصاً گرمیوںکے موسم میں بالوں کو صحت مند رکھنے میں بہت مفید رہتا ہے۔

اسپغول کا رمضان المبارک میں استعمال

رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات میں کھانے پینے میں بے احتیاطی کے باعث کئی روزے داروں کو تیزابیت اور گیس کے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔اس سے ناصرف روزےداروں کی عمومی صحت خراب ہوجاتی ہے بلکہ یہ عوامل موٹاپے کا باعث بھی بنتے ہیں۔ سحر اور افطار کے اوقات میںپانی اور مشروبات میںسبوس اسپغول ملا کر پینے سے طبیعت میںہلکا پن محسوس ہوتا ہے، نظام ہضم درست رہتا ہے اور گیس اور تیزابیت کے مسائل کم کیے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسپغول استعمال کرنے سے پیاس کی شدت بھی کم رہتی ہے۔

اسپغول کے استعمال میں ضروری احتیاط

1-شوگر، گردوں کے مریض اور زیرِ علاج افراد ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق استعمال کریں۔

2-اسپغول کے ساتھ کوئی دوا استعمال نہ کریں۔ اگر آپ کوئی دوا لیتے ہیں تو اسپغول سے ایک گھنٹہ پہلے یا دو گھنٹے بعد دوا کا استعمال کریں۔

3-سبوس اسپغول کو ہمیشہ پانی یا مشروب میں ملا کر استعمال کریں اور اس کے بعد وافرمقدار میںلیکوئیڈز لیں۔

4-ادویات کے ساتھ اسپغول کےاستعمال سے سائیڈ افیکٹس ہو سکتے ہیں، لہٰذا ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر اسے استعمال نہ کریں۔