کراچی:دوپہر میں ہونے والا بارہویں کا شماریات کا پرچہ بھی آؤٹ

April 26, 2018

کراچی میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے تحت ہونے والا بارہویں جماعت کا شماریات کا پرچہ بھی آؤٹ ہوگیا۔

پرچہ شروع ہونے کا وقت دوپہر 2بجے تھا جس کے شروع ہونے سے قبل ہی سوشل میڈیا پر پیپر آؤٹ ہوگیا۔

اس سے قبل آج صبح ہونے والا میتھمیٹکس کا پیپر بھی سوشل میڈیا پر آؤٹ ہوگیا تھا۔

توقع کی جارہی تھی کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ حکام اور دیگر انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے نوٹس لیتے ہوئے ایکشن کیا جائے گا اور آئندہ کوئی پرچہ آؤٹ نہ ہوسکے گا تاہم پیپر آؤٹ کرنے والی کالی بھیڑوں کا سراغ لگا کر تاحال ان کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں آسکی ہے۔

کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے تحت جاری امتحانات میں ایک روز قبل بھی بارہویں جماعت کا زولوجی کا پیپر سوشل میڈیا پر آؤٹ ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں انٹر کے امتحانات کا جاری ہیں، جبکہ کراچی بورڈ نے امتحانات کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے امتحانی مراکز کےاطراف دفعہ 144 نافذ ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر امتحانی مراکز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد ہے۔

ا س صورت حال کے حوالے سے گورنر سندھ محمد زبیر کا بیان سامنے آچکا ہے جس میں انہوں کہا تھا کہ انٹر کا پرچہ آؤٹ ہونا افسوس ناک بات ہے، انٹر بورڈ کراچی کا میڈیا پر پابندی لگانا سچ کو دبانے والی بات ہے۔