بریگزٹ کے بعد برطانوی شہریوں کو یورپ جانے کیلئے7یورو فیس ادا کرناپڑے گی

April 27, 2018

لندن( نیوز ڈیسک)بریگزٹ کے بعد برطانوی شہریوں کو یورپی یونین میں شامل ممالک جانے کیلئے 7یورو سفر ی اجازت کی فیس کے طورپر ادا کرنا ہوگی۔ ڈیلی انڈیپنڈنٹ نے یہ خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یورپی یونین اپنے سیکورٹی نظام کو بہتر بنانے کیلئے سنگل مارکیٹ سے باہر کے ممالک کے شہریوں پر یورپی یونین کی سرحد میں داخل ہونے والوں سے فیس وصول کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔اس فیصلے پر عمل کی صورت میں برطانوی شہری بھی متاثر ہوں گے یورپی ممالک کے سفر اوراس کی اجازت کے نظام کے تحت اب شن گن ایریا میں آنے والے لوگوں کو سفر کی اجازت حاصل کرنے کیلئے سفر شروع کرنے سے قبل ایک آن لائن فارم بھرنا پڑے گا او ر اس کے ساتھ ہی اس کیلئے فیس ادا کرنا پڑے گی۔اخبار کے مطابق تھریسا مے سنگل مارکیٹ کی رکنیٹ کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین کے بلاک سے نکل جانے کے بعد آزادانہ نقل وحرکت کا خاتمہ ہوجائے گا اخبار کے مطابق ایسی صورت میں برطانیہ کو سفری فیس سے مستثنیٰ قرار دینے کے حوالے سے بات چیت بہت مشکل ہوگی۔بریگزٹ پر مذاکرات کرنے والے یورپی کمیشن کی ٹیم کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانوی شہریوں پر اس شرط کے اطلاق کاانحصار یورپ اور برطانیہ کے مستقبل کے تعلقات کے بارےمیں مذاکرات پر ہوگا جبکہ چیف مذاکرات کار مائیکل بارنیئر اب تک برطانیہ کو کوئی مراعت یاسہولت دینے کے امکان کو رد کرتے رہے ہیں۔ یورپی کونسل کے موجودہ سربراہ بلغاریہ کے وزیر داخلہ ویلنٹن راڈیف نے سفری فیس عاید کرنے کے فیصلے کو یورپی یونین کی سرحدوں کے تحفظ کی جانب اہم قدم قرار دیاہے۔