معراج النبی ؐ انسانی عظمت اورسربلندی کا نقطہ عروج ہے، مفتی عبدالمجید

April 27, 2018

بر منگھم(پ ر) معراج النبیؐ کا واقعہ انسانی عظمت اور سربلندی کا نقطہ عروج ہے۔ یہ واقعہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت کا وہ منفرد ترین واقعہ ہے جسے عقل سے نہیں ایمان اور عشق کی طاقت سے سمجھا جا سکتا ہے۔ معراج کا واقعہ یہ سبق دیتا ہے کہ آسما ن کی بلندیاں اور وسعتیں انسان کی دسترس میں ہیں اورمستقبل کے با رے میں اللہ تعالیٰ کے منصوبوں اور اسلام کی ترویج و اشاعت کا غماز بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طا نیہ کے جنرل سیکرٹری مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلامک سینٹر برمنگھم میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ معراج کے دوران نبی اکرم ﷺ کے مشاہدات مسلمانوں کے اعما ل و افعال کی اصلاح میں بہت زیادہ ممد و معاون ہو سکتے ہیں۔ یہ مشاہدات یہ درس دیتے ہیں کہ نیک اعمال کرنے والوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی رحمتیں ،عنایتیں اور رحمتیں اس دنیا سے لے کر عالمِ آخرت تک جا ری و ساری رہتی ہیں جب کہ بُرے اعما ل کا ارتکا ب کرنے والے دنیا و آخرت میں اللہ تعالیٰ کے غضب کے مستحق قرار پا تے ہیں۔ مفتی عبدالمجید ندیم نے مزید کہا کہ معراج کا سب سے بڑا تحفہ نماز ہے جو مخلوق کو اللہ سے جوڑنے کا بہترین ذریعہ ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ مسلما نوں کی اکثریت اس پیغام کو بھول چکی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمانوں کو دوبارہ بندگی رب کی طرف لایا جا ئے تب ہی وہ انسانیت کی معراج پر پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہسائنس جس قدر ترقی کر رہی ہے اسی انداز سے معراج کے واقعے کی صداقت سامنے آ رہی ہے اور علم و فلسفہ کے ما ہرین خالقِ کا ئنا ت کی طاقتوں کو سمجھنے میں آسانیاں محسوس کر رہے ہیں۔ علما ء و مشائخ کا فرض ہے کہ وہ واقعہ معراج کو جدید تناظر میں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے مقاصد سے آگاہی دیں۔