ایچ ای سی چیئرمین کا انتخاب، 16، امیدواروں نے انٹرویوز نہیں دیئے

April 27, 2018

اسلام آباد (رپورٹ :وسیم عباسی) وزیراعظم کی مقرر کردہ 6؍ رکنی کمیٹی ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے آئندہ چیئرمین کا انتخاب کرنے کے لئے امیدواروں کی جانچ پڑتال کررہی ہے۔ اس جاری عمل میں امیدواروں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں دلچسپ حقائق کا انکشاف کیا گیا ہے۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق انٹرویوز کے لئے 110؍ امیدواروں کی فہرست میں سے 16؍ امیدوار انٹرویوز دینے نہیںآئے۔ ان میں سے بھی دو امیدواروں سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران اور کراچی سے ڈاکٹر طاہر رشیدنے انتخابی عمل پر اپنے سنگین تحفظات کا ا ظہار کیا ہے۔ ان کے علاوہ جو باقی امیدوار انٹرویوز کے لئے نہیں گئے ان میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، ڈاکٹر عبدالنبی، ڈاکٹر قیصر عباس، ڈاکٹر سعداللہ ترین، ڈاکٹر محمد اشتیاق قادری، ڈاکٹر بشارت حسین، ڈاکٹر ایس الطاف حسین، ڈاکٹر محمد اعظم خان چشتی، ڈاکٹر ایس الطاف حسین، ڈاکٹر محمد اعظم خان چشتی، ڈاکٹر حافظ محمد اقبال اور ڈاکٹر ظفر معین ناصر شامل ہیں۔ انٹرویوز 18؍ تا 20؍ اپریل 2018ء تین دنوں تک ہوئے۔ مطلوبہ معلومات میں ڈگری جاری کرنے والے تعلیمی ادارے میں بحیثیت لیکچرار، اسسٹنٹ پروفیسر، پروفیسر تدریسی تجربہ (برسوں میں)، اس کے علاوہ سالانہ وار ریکٹر، وائس چانسلر/صدر، رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات، ڈین اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ تجربہ، تیسرے تحقیقی تجربہ شامل ہے۔ امیدواروں سے بین الاقوامی مطبوعات اور دیگر امور کے بارے میں بھی دریافت کیا گیا۔ انہوں نے کتنے پی ایچ ڈی طلبہ کی نگرانی کی اور بین الاقوامی ایوارڈز لئے۔