سی پیک میں افرادی قوت کی تربیت کیلئے چین کا تعاون مثالی ہے،محمدزبیر

April 27, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ چین سے اچھا دوست کوئی نہیں، قدم قدم پر اس نے ہمارا ساتھ دیا۔ ایسی پالیسیاں بنانی ہیں جن سے سرمایہ کاری آئے۔عوام سی پیک کی افادیت سے بتدریج آگاہ ہورہے ہیں۔سی پیک منصوبوں میں افرادی قوت کی تربیت کے لیئے چین کا تعاون مثالی ہے۔ای کامرس گیٹ وے اور چائنا پاکستان بزنس پروموشن اینڈ انوسٹمنٹ کونسل کے تحت سی پیک منصوبے میں افرادی قوت کی تربیت پر منعقد ہونے والی نمائش اور سیمینار کے دوسرے روز گورنر سندھ محمد زبیر نے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس ایونٹ کو منعقد کرانے والون کو سراہنا چاہیے،پاکستان اور چین کے اشتراکی معاہدوں کا ایونٹ بہت اہم ہے۔ روپے کی قدر میں کمی کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ اسحاق ڈار سابق جبکہ مفتاح اسماعیل اس وقت فیصلے کرنے کی پوزیشن میں ہیں، شرح تبادلہ میں استحکام کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈالر کے عدم توازن کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ای کامرس کے نائب صدر عمیر نظام نے کہا کہ معاہدوں کے تحت چین کے اشتراک سے 3ماہ میں پہلا تربیتی مرکز این ای ڈی یونیورسٹی میں قائم کردیا جائے گا۔ نمائش میں چین اور پاکستان کی 60 سے زائد جامعات اور ووکیشنل اداروں نے 37 سے زائد تربیتی معاہدے کئے ہیں۔