پاکستان میں گدھوں کی تعداد بڑھ گئی

April 27, 2018

اسلام آباد (صباح نیوز) ملک میں گدھوں کی تعداد ایک لاکھ اضافے کے ساتھ 53لاکھ ہو گئی ۔گھوڑوں خچروں اور اونٹوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا جبکہ سب سے زیادہ اضافہ بکریوں کی تعداد میں ہوا جو بڑھ کر سات کروڑ 41لاکھ ہو گئی ہیں۔ اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق ملک میں گدھوں کی تعداد 52لاکھ سے بڑھ کر 53لاکھ ہو گئی ہے۔ گزشتہ سال گدھوں کی تعداد پر میڈیا میں بہت زیادہ بحث کی وجہ سے نئی اقتصادی جائزہ رپورٹ میں (Dunkeyʼs ) ڈنکی لکھنے کے بجائے ،،Asses ،، کا لفظ استعمال کیا گیا ہے ، اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق ملک میں گزشتہ سال گھوڑوں کی تعداد چار لاکھ خچروں کی تعداد دو لاکھ اونٹوں کی تعداد گیارہ لاکھ رہی اور ان میں کوئی اضافہ نہیں ہوا مویشیوں کی تعداد 4 کروڑ 44لاکھ سے بڑھکر 4کروڑ 61لاکھ ہو گئی ہے۔ بھینسوںکی تعداد تین کروڑ 77لاکھ سے بڑھکر تین کروڑ 88لاکھ ہو گئی ہے۔ بھیڑوں کی تعداد تین کروڑ ایک لاکھ سے بڑھکر تین کروڑ5لاکھ ہو گئی ہے۔ بکریوں کی تعداد سات کروڑ 22لاکھ سے بڑھکر سات کروڑ 41لاکھ ہو گئی ہے ۔جبکہ اونٹ ، گھوڑوں ، خچروں کی تعدادمیں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔